رگھورام راجن کی ادھو ٹھاکرے سے ملاقات

   

ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھورام راجن نے شیوسینا (ادھو بال ٹھاکرے ) کے صدر اور سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ راجن اور ٹھاکرے کے درمیان منگل کی رات دیر گئے ملاقات کو ایک ‘بشکریہ ملاقات’ قرار دیا گیا۔ 60سالہ راجن کا ادھو، اہلیہ رشمی اور بیٹے ، یووا سینا کے سربراہ اور ورلی کے ایم ایل اے آدتیہ، ماہر ماحولیات تیجس نے باندرہ ایسٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ ماتوشری میں پھولوں کے گلدستے کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا گیا۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم تفصیلی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ راجن کو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت میں ستمبر 2013 میں آر بی آئی کے 23 ویں گورنر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ان کی میعاد ستمبر 2016 کے پہلے ہفتے میں ختم ہوئی اور ان کی جگہ ارجیت پٹیل نے لے لی، جنہیں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت نے مقرر کیا تھا۔