قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے پبس کے خلاف کارروائی کے احکامات
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے رہائشی علاقوں میں پبس کے قیام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی کہ رہائشی علاقوں میں پبس کی اجازت نہ دی جائے اور لائسنس کے بغیر میوزک چلانے پر سخت کارروائی کی جائے۔ جسٹس کے للیتا نے جوبلی ہلز سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عبوری احکامات جاری کئے۔ درخواست گذاروں نے شکایت کی کہ پبس رہائشی علاقوں میں نہ صرف غیر قانونی طور پر کام کررہے ہیں بلکہ بڑی آواز کے ساتھ میوزک کے نتیجہ میں عوام کو دشواری اور صوتی آلودگی کا اندیشہ ہے۔ جج نے حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس کو ہدایت دی کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے پبس کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ درخواست گذاروں نے کہا کہ میوزک مقررہ حد کے مطابق نہیں ہوتی اور رات 10 بجے کے بعد میوزک کے استعمال پر روک لگائی جائے۔ رہائشی علاقوں میں واقع پبس رات 10 بجے کے بعد بھی میوزک کے ساتھ ہنگامہ آرائی کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ درخواست گذاروں نے کہا کہ شراب کے نشہ میں دھت کسٹمرس مقامی افراد کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں اور لڑائی جھگڑے میں ملوث ہیں۔ درخواست گذاروں نے پبس کی پارکنگ کے بارے میں بھی شکایت کی۔ جسٹس للیتا نے پولیس، اکسائیز اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ اگر پبس کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا گیا تو عدالت کو کارروائی کرنی پڑے گی۔ر