حکومت کے ’’مشن 26 ڈیز‘‘ کے نام سے کاموں میں تیزی ، ایم ایل ایز کو اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے تلنگانہ کے یوم تاسیس 2 جون سے مختلف سرکاری اسکیمات اور پروگرامس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اس کے ساتھ ہی پہلے سے شروع کردہ اسکیمات کی عمل آوری میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے خصوصی ’’مشن 26 ڈیز‘‘ کے نام سے چند نئی اسکیمات اور پروگرامس کی پیشرفت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ مقامی اداروں کے انتخابات کی تیاری کرنے میں مصروف ہے اور تلنگانہ یوم تاسیس سے راجیو یووا وکاسم، وی آر اوز میں تقررنامے کی حوالگی، اندراماں ہاؤزنگ کا افتتاح، ریتو بھروسہ زیرالتواء فنڈز کی اجرائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 3 جون سے ریاست بھر میں اراضی مسائل کی یکسویء کیلئے ریونیو سدسو کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر محکمہ مال کے عہدیداروں کی رخصت کو منسوخ کیا گیا۔ دیہاتوں کیلئے نئے جی پی او کے تقررات کے ساتھ سرکاری ملازمین کے مطالبات پر بھی حکومت کی جانب سے نئے اعلانات کرنے کے امکانات ہیں۔ نئی اسکیمات کے آغاز کے تناظر میں کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں عوام کیلئے دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کا حکم دیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر حکومت کی باوقار اسکیم راجیو یووا وکاسم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ بیروزگار نوجوانوں کو خودروزگار فراہم کرنے کیلئے حکومت نے اس اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ چار ماہ میں 5 لاکھ نوجوانوں کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچایا جائے گا۔ مرحلہ واری اساس پر عمل کی جانے والی اس اسکیم میں پہلے اندرون ایک لاکھ روپئے کی سبسیڈی پر عمل کیا جائے گا۔ ہر ماہ 1500 کروڑ روپئے کے حساب سے جملہ 6 ہزار کروڑ روپئے کے سبسیڈی قرض 2 اکٹوبر تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جون کے پہلے ہفتہ سے ریاست بھر میں اندراماں اسکیم پر مکمل عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب تک پائلٹ پراجکٹ کے تحت تعمیرات مکمل کرنے والے مکانات کا افتتاح کیا جائے گا۔ تعمیری کام کی نوعیت کے لحاظ سے حکومت فنڈز جاری کررہی ہے۔ چند لوگوں میں ماہ جون میں ہی مکانات میں داخل کرایا جائے گا۔ موسم برسات کے آغاز کے پیش نظر ریتو بھروسہ کے زیرالتواء فنڈز جون میں ہی جاری کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ماہ مئی میں فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم معاشی صورتحال سازگار نہ ہونے کی وجہ سے جون کے پہلے ہفتہ میں فنڈز جاری کرنے کی چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ دیہی علاقوں میں نظم و نسق کو مزید مستحکم کرنے کیلئے گرام پنچایت آفیسر (جی پی او) کی جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ تقریباً 3500 امیدواروں کو 2 جون کو محکمہ مال میں حاصل کرتے ہوئے ان میں تقرر نامے حوالے کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی چیف منسٹر آفس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ماہ جون میں ہی سرکاری ملازمین کے مطالبات پر حکومت کوئی اعلان کرے گی۔ اس کیلئے محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری نوین متل کی قیادت والی عہدیداروں کی سہ رکنی کمیٹی نے کابینی سب کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ دوسری جانب اراضی کے مسائل کی یکسوئی، ریونیو ریکارڈ کو درست کرنے کیلئے حکومت 3 جون سے ریونیو سدسو کا آغاز کررہی ہے۔ پائلٹ پراجکٹ کے تحت کئے گئے کاموں کے مثبت نتائج کو دیکھتے ہوئے اس کو ریاست بھر میں توسیع دی جارہی ہے۔2