ریاست میں 27,000 جائیدادوں پر تقررات کی تیاریاں

   

حکومت جاب کیلنڈر کو ری شیڈول کرے گی ، گروپ III اور IV کا مشترکہ امتحان کا منصوبہ

حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) ایس سی زمرہ بندی کا عمل مکمل ہونے کے بعد حکومت مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اب تک گروپIII اور گروپ IV کیلئے الگ الگ امتحانات منعقد کئے جاتے تھے، لیکن اب دونوں کو ملا کر ایک امتحان منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ گروپ III اور گروپ IV ایک ہی نصاب اور تعلیمی قابلیت ڈگری ہے، لیکن پوسٹنگ الگ ہے۔ گروپ III کے تحت تقرر پانے والے HOD دفاتر میں پوسٹنگ حاصل کرتے ہیں جبکہ گروپIV کے تحت تقرر پانے والے ڈسٹرکٹ آفسوں میں پوسٹنگ پاتے ہیں۔ اس لئے حکومت ان دونوں کا ایک ہی امتحان منعقد کرنے کا اُصولی طور پر فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت عنقریب 27,000 جائیدادوں پر تقررات کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس کیلئے منظوریوں کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے۔ مختلف محکمہ جات سے مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست طلب کرلی گئی ہے۔ انہیں قطعیت دیتے ہوئے محکمہ فینانس سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت کو مختلف محکموں سے مخلوعہ جائیدادوں کی جو فہرستیں وصول ہوئی ہیں، اس میں گروپ I اور گروپ II کی جائیدادیں ہیں۔ ان دونوں کی تقریباً 30 مخلوعہ جائیدادیں ہیں۔ حکومت نے گروپ I کے تحت 563 اور گروپ II کے تحت 783 جائیدادوں پر تقرر کیا ہے۔ محکمہ پولیس میں 14,000 مخلوعہ جائیدادیں ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں کانسٹیبل اور سب انسپکٹر کی جائیدادیں شامل ہیں۔ جینکو، ٹرانسکو کے علاوہ مختلف محکموں میں تقریباً 2,000 جائیدادیں خالی ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جی پی او کی تقریباً 7,000 جائیدادوں پر تقرر کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ مختلف ڈپارٹمنٹس میں ضم کئے گئے VRO اور VRA کی تقریباً 5,000 جائیدادوں پر تقررات کی تیاری کی جارہی ہے۔ حکومت کے جاری کردہ جاب کیلنڈر کے مطابق اپریل میں ہی پولیس جائیدادیں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا جانا تھا، مئی گروپ II، جولائی میں گروپ III، فروری میں فاریسٹ بٹ آفیسرس کے نوٹیفکیشن جاری کیا جانا تھا، لیکن ایس سی زمرہ بندی کی وجہ سے تقررات کے عمل کو روک دیا گیا۔ ساتھ ہی گروکل اور سنگارینی کالریز میں انجینئرنگ نوٹیفکیشن کو بھی روک دیا گیا۔ ان تمام مخلوعہ جائیدادوں کیلئے حکومت جاب کیلنڈر کو ری شیڈولڈ کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ 2