ریاست میں 3 مراحل میں 111 اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس کا قیام : ریونت ریڈی

   

فارما، بائیو ٹیکنالوجی اور لائف سائنسیس کورسیس کی تجویز، 49 مراکز کارکرد، چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 21 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ رائزنگ 2047 کے تحت اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس (ATC) کی ترقی اور پیشرفت کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس میں ایسے کورسیس متعارف کئے جائیں جن کی صنعتوں کو ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نئے کورسیس کے آغاز اور نوجوانوں کو مناسب ٹریننگ کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس کی ترقی اور اُن کی پیشرفت پر عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ضلع کلکٹرس کو ٹیکنالوجی سنٹرس کا وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے جائزہ لینا چاہئے۔ ریاست بھر میں 3 مراحل میں 111 اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس کو ترقی دی جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں 25، دوسرے مرحلہ میں 40 اور تیسرے مرحلہ میں 46 ٹیکنالوجی سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ پہلے اور دوسرے مرحلہ کے تحت 49 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عصری کورسیس کے علاوہ بہتر فیکلٹیز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ شہر کے مضافاتی علاقہ میں قائم کئے جانے والے ٹیکنالوجی سنٹر ملک کے لئے مثالی ہونا چاہئے۔ چیف منسٹر نے فارما، بائیو ٹیکنالوجی اور لائف سائنسیس سے متعلق کورسیس کے آغاز کی تجویز پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی سنٹرس کے لئے اراضی کی فراہمی اور فنڈس کی اجرائی میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ ٹیکنالوجی سنٹرس کے لئے اضلاع میں اراضی کی نشاندہی کریں۔ چیف منسٹر نے ویژن 2047 کے تحت حکومت کے ترقیاتی منصوبہ کی تفصیلات پیش کیں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پراجکٹس کی تکمیل پر خصوصی توجہ دیں۔1