ریاست میں انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہونچ گئیں

,

   

7 مئی کو مایاوتی 8 مئی کو پرینکا گاندھی کا دورہ حیدرآباد ، 14 مئی کو آسام کے چیف منسٹر کریم نگر کا دورہ کریں گے
حیدرآباد 6 مئی ( سیاست نیوز ) ریاست میں اسمبلی انتخابات کیلئے تقریبا 6 ماہ باقی ہے ۔ مگر سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہونچ چکی ہے ۔ ہر جماعت اپنی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے اور عوام کو راغب کرنے میں مصروف ہوگئی ہے ۔ حکمران جماعت بی آر ایس کے ساتھ اپوزیشن جماعتیں بھی مختلف پروگرامس کے ذریعہ عوام کے درمیان پہونچنے کی کوشش کررہی ہیں اور ان پروگرامس میں قومی قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ جاریہ ماہ 7 مئی اتوار کو بی ایس پی سربراہ مایاوتی حیدرآباد کا دورہ کررہی ہیں ۔ تلنگانہ بی ایس پی کی جانب سے منعقد کئے جانے والے ’ تلنگانہ بھروسہ ‘ جلسہ عام سے وہ خطاب کریں گی ۔ اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے تلنگانہ بی ایس پی صدر آر ایس پروین کمار کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جلسہ عام میں عوامی کی بھاری تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے ۔ حکومت کی ناکامیںو کو عوام کے سامنے آشکار کرنے کی تمام تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس کے دوسرے دن 8 مئی کو آل انڈیا کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی شہر حیدرآباد کا دورہ کررہی ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی جانب سے شہر کے مضافات سرور نگر اسٹیڈیم میں منعقد جلسہ عام کو کامیاب بنانے بڑے پیمانے پر تیاریاں کررہے ہیں جس سے پرینکا گاندھی خطاب کریں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی ایل بی نگر پر واقع سریکانت چاری کے مجسمہ سے سرور نگر اسٹیڈیم تک پدیاترا میں حصہ لیں گی اور اسٹیڈیم پہونچکر جلسہ سے خطاب کریں گی ۔ اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے حیدرآباد پہونچ چکے ہیں ۔ پرینکا گاندھی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے پارٹی قائدین میں ذمہ داریاں تقسیم کردی گئی ہیں ۔ اس جلسہ عام میں بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کے مسائل پر زیادہ توجہ دی جائے گی ۔ پیپرس افشاء کے واقعہ کو اہم موضوع بنایا جائے گا ۔ ساتھ ہی پرینکا گاندھی حیدرآباد ڈیکلریشن کا اعلان کریں گی ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے اسی ماہ 14 مئی کو کریم نگر میں ’ ہندو ایکتا یاترا ‘ پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ جس میں آسام کے چیف منسٹر ہیمنت بسوا شرما کے علاوہ بی جے پی کے دوسرے اہم قائدین شرکت کریں گے ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے اس پروگرام کو کامیاب بنانے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں جس سے تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ دوسری جانب حکمران جماعت بی آر ایس بھی عوام کے درمیان پہونچ رہی ہے ۔ چیف منسٹر حیدرآباد میں سکریٹریٹ کا افتتاح کرنے کے بعد روزانہ سکریٹریٹ پہونچتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ دوسری طرف بی آر ایس کے ورکنگ صدر و ریاستی وزیر کے ٹی آر اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی و تعمیری کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ افتتاح و سنگ بنیاد کے پروگرامس میں حصہ لینے کے بعد جلسوں سے خطاب کررہے ہیں ۔۔ ن