آئندہ پانچ دن بارش کی پیش قیاسی ۔ آج موسلادھار بارش کے بھی اندیشے
حیدرآباد 4ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گذشتہ 24گھنٹہ سے بارش کے نتیجہ میں کئی ذخائر آب کی سطح لبریز ہوچکی ہے اور بعض اضلاع میں تالاب اور کنٹوں میں پانی جمع ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے 11 اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں شہر حیدرآباد و سکندرآباد‘ رنگاریڈی‘ وقار آباد‘ ملکاجگری ‘ میڑچل اور دیگر اضلاع میں تیز اور موسلادھار بارش کے امکان ہیں۔ ایک ماہ خشک موسم کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ 5یوم میںبارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن 4اور5ستمبر کو موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ 4 ستمبر کی صبح کی اولین ساعتوں سے ہی شہر و کئی اضلاع کمرم بھیم‘ آصف آباد‘ منچریال کے علاوہ دیگر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے اور شہر دمیں تیز اور موسلادھار بارشوں سے درجہ حرارت 20 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔ دونوں شہروں میں بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملی ہیں اور بلدیہ حیدرآباد کے ایمرجنسی عملہ نے ان شکایات کو دور کرنے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے ۔ نواحی علاقوں میاں پور‘ مادھاپور‘ کوکٹ پلی ‘ گچی باؤلی کے اطراف ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کی صورتحال رہی ۔ دونوں شہروں میں بارش کے نتیجہ میں اسکولوں میں طلبہ کی حاضری بھی کم رہی ۔ اضلاع نرمل ‘ نظام آباد‘ جگتیال سرسلہ ‘ کاماریڈی ‘ سدی پیٹ ‘ میدک اور سنگاریڈی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نواحی علاقوں میں بعض مقامات پر وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش اور بوندا باندی جاری ہے۔ ضلع انتظامیہ اور بلدیہ کی جانب سے شہر میں بارش کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اپیل کرکے کہا گیا ہے کہ وہ بلاضرورت شدید گھروں سے باہر نہ نکلیں تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز و موسلادھار بارشوں کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا بلکہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ شہر میں مسلسل بارش سے کئی سڑکوں کی حالت خستہ ہوچکی ہے اور بعض مقامات پر نوتعمیر شدہ سڑکوں پر گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں مشکل پیش آرہی ہے۔