ریاست میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں کی تیاریاں!

   

حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں ۔ کہا جارہا ہے کہ آئندہ چند یوم میں حکومت مختلف محکمہ جات کے سربراہان کے علاوہ ضلعی سطح پر انتظامی تبدیلیوں کا جائزہ لے رہی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ملکا جگری میونسپل کارپوریشن‘ سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات و حلقہ اسمبلی خیریت آبادکے انتخابات کے پیش نظر تبدیلیوں سے متعلق کہا گیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کابینہ کے فوری بعد بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں کیلئے تیار رہیں۔ حکومت مجوزہ انتخابات کے پیش نظر تلنگانہ میں حالات کو بہتر بنانے بالخصوص فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری ‘ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ عہدیدار انتظامی تبدیلیوں بالخصوص آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس و ضلعی سطح کے کیڈر کے تبادلوں کی حکمت عملی تیار کرنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں کلیدی عہدوں پر طویل مدت سے برسرکار عہدیداروں کے تبادلوں و سیاسی قائدین بالخصوص وزراء‘ اراکین پارلیمان و اسمبلی کے پسندیدہ عہدیداروں کو سفارشی عہدوں پر تقررات کی راہ ہموار کی جانے لگی ہے اور کہا جارہاہے کہ انتخابات کے دوران بہتر خدمات کی انجام دہی کے ان اقدامات کا مقصدعوام کو پہنچائی جانے والی سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کسی بھی انتخابات سے قبل انتظامی تبدیلیاں کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ زمینی حقائق کو نظر میں رکھتے ہوئے حکومت انتظامی تبدیلیاں کرتی ہے ۔3