ریاست میں موسلادھار بارش سے 629 کیلو میٹر سڑکوں کو نقصان

   

ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریاست میں موسلادھار بارش کے پیش نظر سڑکوں کو ہونے والے نقصانات پر اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے جائزہ حاصل کیا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ ریاست بھر میں بارش سے 454 مقامات پر آر اینڈ بی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ تقریباً 629 کیلو میٹر سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں نے بارش سے نقصان ہونے والی سڑکوں کی انہیں تفصیلات پیش کی ہیں۔ وہ عہدیداروں کو جلد سے جلد سڑکوں کی مرمت کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے غیر معیاری سڑکیں تعمیر کی تھیں جس کی وجہ سے کئی سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہیں، کئی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے، کئی سڑکوں پر بڑے بڑے کھڈ پڑ گئے ہیں۔ انہیں ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 22 مقامات پر سڑکیں بری طرح متاثر ہوگئی ہیں۔ ان میں 4 مقامات پر عارضی طور پر سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے۔ 171 مقامات پر کازوے اور کلورٹس پانی میں بہہ گئے ہیں۔ 71 مقامات پر اس کو درست کیا گیا ہے۔ ماباقی مقامات پر جنگی خطوط پر مرمتی کام کئے جارہے ہیں۔ تالابوں کے لبریز ہونے کے بعد بہہ نے والے پانی سے 58 کیلو میٹر تک سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی مقامات پر گڑھے پڑ گئے ہیں۔ ان میں 378 میٹرس سڑکوں کو حکومت نے بند کردیا ہے۔ جملہ 147 مقامات پر کازوے، چھوٹے بریجس اور کلورٹس کو عارضی اور مستقل طور پر مرمت کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریاست میں ہونے والی موسلادھار بارش کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر سفر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات کریں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 دن تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے جس کے پیش نظر تمام اضلاع کے کلکٹرس اپنے اپنے اضلاع میں احتیاطی اقدامات کریں، نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں ضروری اشیاء فراہم کریں۔ 2