ریاست میں کورونا کے 10 نئے مریض ‘ جملہ تعداد 59 ہوگئی : کے سی آر

,

   

Ferty9 Clinic

عوام جہاں ہیں وہیں رہیں‘ غذا فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری : 20 ہزار افراد پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ چیف منسٹر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔27 مارچ(سیاست نیوز)سماجی دوری وفاصلہ اختیار کرکے ہی کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اسی لئے حکومت کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ جہاں ہیں وہیں رہیں ان کیلئے غذاکی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری پورا کریگی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں موجود بیرونی شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وغذا اور دوا کیلئے پریشان نہ ہوں لیکن گھروں سے نہ نکلیں اور حکومت کو اپنا کام کرنے دیں۔چیف منسٹر نے بتایا کہ دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کا جائزہ لیا گیا ہے ان میں 80.9فیصد مریض گھروں میں ٹھیک ہو گئے ہیں اسی لئے گھر میں رہتے ہوئے صحت مند غذاء کے استعمال سے زیادہ بہترکوئی علاج نہیں ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ 59 مریضوں کی توثیق کی اور کہا کہ 27 مارچ کو10 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں مختلف مقامات بشمول گھروں میں 20 ہزار افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ انہو ں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 1400 انتہائی سخت نگہداشت والے بستر معہ وینٹیلیٹرس موجود ہیں لیکن اگر عوام گھروں میں رہیں تو اس چین کو توڑا جاسکتا ہے ۔ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکا جاسکتا ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت 60 ہزار مریضوں سے نمٹنے اور علاج کیلئے تیار ہے اسی لئے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ گھر میں رہ کر ریاست کے عوام اور اپنے خود کے تحفظ میں تعاون کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے موظف ڈاکٹر س‘ نرسوں ‘ لیاب ٹیکنیشن کے علاوہ ایم بی بی ایس مکمل کرنے والوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں خدمات کو جاری رکھا جاسکے۔

کے سی آر کی مودی سے بات چیت
چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے رابطہ کرکے حکومت کے اقدامات کے متعلق واقف کروایا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے تیقن دیا کہ حکومت کے ہر اقدام کی وہ تائید کرتے ہیں اور انکے ساتھ ہیں ۔ کے سی آر نے وزیر اعظم سے بات چیت اور وینٹیلٹرس کی فراہمی کی درخواست کا تذکرہ کیا اور کہا کہ مرکز سے مکمل تعاون کی توقع ہے ۔ انہو ںنے وزیر اعظم کو لاک ڈاؤن پر عمل کے سلسلہ میں تلنگانہ کے اقدامات سے واقف کروایا۔

تلنگانہ میں برقی و پانی کی سربراہی
کالیشورم پراجیکٹ کے ذریعہ زرعی اراضیات کو پانی کی سربراہی 10 اپریل تک روک دی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 10اپریل تک زرعی اراضیات کو پانی کی سربراہی روک دی جائے اور گھر گھر پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں ریاست میں 24گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کے اقدامات کو یقینی بنانے ہدایات دی جاچکی ہیں۔چیف منسٹر نے تمام بلدیات سے کہا کہ وہ غریب عوام ‘ گداگروںو مسافروں کے کھانے کا انتظام کریں اور شیلٹر فراہم کریں۔ حکومت تمام افراد کو غذا کی فراہمی کا وعدہ کرتی ہے اور اس کو پورا کیا جائیگا۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ جہاں ہیں وہاں رہیں حکومت انہیں ممکنہ حد تک کھانے کا انتظام کرے گی۔

عوام کوچیف منسٹر کا انتباہ
چیف منسٹرنے عوام کو گھروں سے نکلنے کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات میںعدم تعاون پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہو ںنے کہا کہ عوام کو اس انتباہ کونظر انداز کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑسکتی ہے کیونکہ ہندستان میں طبی سہولتیں اس پیمانے کی نہیں ہیں جو امریکہ ‘ چین‘ اسپین اور اٹلی میں ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں تجربہ کی بنیاد پر یقین ہے کہ اگر ہم گھروں میں بند رہیں تو اس آفت کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کی سنگین نوعیت کو محسوس کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

غیر مقیم ہندستانی زیادہ متاثر ہیں
چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ اب تک مثبت مریضوں میںبیشتر بیرون ملک سے واپس ہونے والے یا ان کے رشتہ دار زیادہ ہیں اسی لئے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں مریضوںکی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ریاست میں اس مرض کے مقامی افراد کی کوئی بڑی تعداد اب تک سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی اس بات کا کوئی ثبوت ملا ہے کہ ریاست میں ایک دوسرے سے کسی کویہ بیماری پھیلی ہے لیکن ایسا نہ ہو اس کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے اور لاک ڈاؤن کا مقصد یہی ہے کہ لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ نہ رہے۔انہو ںنے آئی سی ایم آر کی جانب سے خانگی ادارو ں اپولو ہاسپٹلس اور وجیا ڈائیگناسٹک سنٹر کو کورونا وائرس کے معائنوں کی اجازت دئیے جانے پر کہا کہ تلنگانہ کے پاس ابھی سی سی ایم بی میں یومیہ 800 افراد کے معائنہ کی گنجائش ہے اور فی الحال یہ کافی ہے اگر اس میں اضافہ ہو تا ہے تو حکومت ان اداروں کی خدمات حاصل کرے گی۔