آج اور کل کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، حیدرآباد میں ہلکی بارش کا امکان
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے بعض اضلاع میں کل 5 اکٹوبر سے تین دن تک بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں کیلئے ایلو الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔ شمال اور مشرقی تلنگانہ کے اضلاع بارش کی زد میں آسکتے ہیں اور ہلکی سے موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ آئندہ 4 تا 5 دنوں میں موسمی تبدیلی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت حیدرآباد میں موسم ابرآلود رہے گا اور 4 تا 8 اکٹوبر کے درمیان وقفہ وقفہ سے بارش ہوسکتی ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 23 اور 30 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے چند اضلاع کیلئے آئندہ 5 دن تک ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ رنگاریڈی، پداپلی، بھوپال پلی، ملگ ، کتہ گوڑم، کھمم ، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، سدی پیٹ، بھونگیر اور ناگرکرنول میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ ان اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 6 اکٹوبر کو عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، سرسلہ، کریم نگر، پدا پلی، بھوپال پلی اور سدی پیٹ میں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ر