ریاستی کابینہ کا 6 مارچ کو اہم اجلاس

   

بجٹ سیشن کے آغاز اور بی سی تحفظات پر اہم فیصلے کئے جانے کا امکان
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 6 مارچ کو منعقد ہوگا جس میں اسمبلی کے بجٹ سیشن کے علاوہ بی سی طبقات کے تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں دوپہر 2 بجے اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اسمبلی میں بی سی تحفظات سے متعلق بِل کی پیشکشی اور ایس سی زمرہ بندی کے فیصلہ کے بارے میں مباحث ہوں گے۔ تلنگانہ حکومت بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حالیہ طبقاتی سروے رپورٹ کی بنیاد پر حکومت نے مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت بی سی تحفظات کے سلسلہ میں مرکز سے دستوری ترمیم کی نمائندگی کرے گی۔ حکومت 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو خود مکتفی بنانے کے لئے مختلف اسکیمات کے اعلان کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اِس سلسلہ میں پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر جلسہ عام کی تیاریاں ہیں۔ اُمید کی جارہی ہے کہ اسمبلی کا بجٹ سیشن جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں طلب کیا جائے گا۔ بجٹ کی پیشکشی کے علاوہ بی سی تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں مجالس مقامی کے انتخابات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ 1