سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔21۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریجنل رنگ روڈ کی ترقی کے سلسلہ میں فوری طور پر حصول اراضیات کا عمل شروع کیا جائے اور شمالی و جنوبی حصہ میں اراضیات کے حصول کے ساتھ ساتھ تعمیری کاموں کا بھی آغاز کیا جائے ۔ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سیکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آرآر آر کے متعلق ہونے والی پہل کے سلسلہ میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر واقف کروائیں تاکہ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ریجنل رنگ روڈ کے سلسلہ میں اب تک کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایت کے بعد سے ہی محکمہ عمارات و شوارع کی نگرانی میں ان کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے ریجنل رنگ روڈ کے جنوبی حصہ میں مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلیوں کی تجویز پیش کی اور کہا کہ عہدیدار ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد اس کے متعلق فیصلہ کریں۔ چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ریجنل رنگ روڈ کے لئے حاصل کی جانے والی اراضیات کے سلسلہ میں متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس سے بات چیت کریں اور کلکٹرس کو اس بات کی ہدایت دی جائے کہ وہ روزانہ شام کو چیف سیکریٹری کو حصول اراضیات کے موقف کے متعلق واقف کروائیں تاکہ اس پراجکٹ کے متعلق حکومت پوری طرح سے واقف رہے۔ انہوں نے حصول اراضیات کے معاملہ میں شفافیت رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری ‘ مشیر برائے انفراسٹرکچر اینڈ پراجکٹس سرینواس راجو ‘ او ایس ڈی برائے چیف منسٹر شاہنواز قاسم کا ایک واٹس ایپ گروپ بناتے ہوئے اس گروپ میں روزانہ کے اساس پر تفصیلات پیش کی جائیں تاکہ آئندہ منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران ان امور کا جائزہ لیا جاسکے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آر آر آر کے جنوبی حصہ سنگاریڈی ۔ آمنگل ۔ چوٹ اپل۔ شاد نگر جو کہ 189.20 کیلو میٹر پر محیط ہے اس حصہ پر حصول اراضیات میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شمالی حصہ میں بڑی حد تک حصول اراضیات کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے گوگل میاپ میں ریجنل رنگ روڈ کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے لئے سڑک کی تعمیر کے معاملہ میں مرکزی حکومت سے تکنیکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تیزی کے ساتھ سڑک کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے فیوچر سٹی کو ریجنل رنگ روڈ سے مربوط کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران انہیں مربوط کرنے کی منصوبہ بندی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اجلاس کے دوران عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کو ریاست میں آنے والی صنعتوں کے استعمال کے قابل اور انہیں سہولت پہنچانے والی سڑکوں کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں اور مستقبل میں توسیعی منصوبہ کو نظر میں رکھا جائے ۔اس جائزہ اجلاس میں ریاستی وزیر عمارات وشوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر کے رگھوویراریڈی ‘ چیف سیکریٹری محترمہ سانتھی کماری کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے ۔3