حیدرآباد۔ انڈین ریلوے میں ملازمت کا جھانسہ دے کر بے روزگار نوجوانوں کو لوٹنے والی ایک ٹولی کو سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 37 سالہ شخص سریش ساہو ساکن غازی آباد یو پی اور 26 سالہ عبدالماجد عرف سرینواس ساکن وجئے واڑہ کو گرفتار کرلیا گیاہے جبکہ اس ٹولی کے دیگر دو ارکان دنیش اور مشرا مفرور بتائے گئے ہیں۔ شکایت گذار ایک ساتھی کے ہمراہ درمیانی افراد کے ذریعہ سریش ساہو عرف اشوک کمار سنگھ تک پہنچا۔ شکایت گذار بے روزگاری سے کافی پریشان تھا جو رزگار اور انڈین ریلوے میں ملازمت کیلئے کافی منتظر تھا۔ بے روزگار نوجوانوں کی اس خواہش کا فائدہ اٹھاکر اشوک کمار سنگھ اور ماجد نے انہیں لوٹنا شروع کردیا۔ انڈین ریلوے میں بہترین ملازمت کا لالچ دے کر مختلف مراحل میں شکایت گذار سے 6 لاکھ 30 ہزار روپئے اکاؤنٹس میں منتقل کروالئے اور اس نے ایک فرضی اپوائینٹمنٹ لیٹر دے کر شکایت گذار کو مبارکباد دی لیکن شکایت گذار نوجوان کی خوشی زیادہ دیر تک نہیں رہی اور نے جب اس کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ یہ لیٹر نقلی ہے۔ جس کے بعد پولیس میں شکایت کی گئی۔ ایس او ٹی پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 6 لاکھ نقد رقم ، موبائیل فون اور فرضی اپوائینٹمنٹ لیٹر و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا اور مفرور کی تلاش میں ہے۔