ایم ایل سی اور کارپوریشن کے الیکشن میں عوام سبق سکھائیں گے۔ ہنمکنڈہ میں جن چیتنیہ سبھا میں عوامی سروں کا سمندر، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد، 23 نومبر (سیاست نیوز)کے ٹی آر نے برہمی کا اظہار کیا کہ کانگریس حکومت چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر پونگولیٹی کے بچوں کے چلائے جانے والے اسکولوں کی خاطر ہی ریاست میں انٹرمیڈیٹ نظام کو ختم کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضمانتوں پر عمل کیے بغیر عوام کو دھوکہ دینے والی کانگریس کو آنے والے ایم ایل سی اور کارپوریشن انتخابات میں مناسب سبق سکھائیں۔ ایکشیلا تعلیمی اداروں کے صدرنشین گورو تروپتی ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر ہنمکنڈہ کے کاکتیہ ڈگری کالج گراؤنڈ میں منعقدہ جن چیتنیہ جلسے میں کے ٹی آر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تروپتی ریڈی کے ساتھ کئی سابق کارپوریٹرس مسکومللا ارونا سدھاکر، بھوگی سورنا سریش، وسکولا بابو، ویرا بھکشاپتی اور مختلف جماعتوں کے قائدین کو کے ٹی آر نے گلابی کھنڈوا پہنا کر بی آر ایس میں شامل کیا۔بعد ازاں انہوں نے خطاب کیا۔ انہوں نے تنقید کی کہ تلنگانہ کی عزتِ نفس کے لیے 1,200 نوجوانوں کی قربانی سے حاصل کی گئی ریاست میں کانگریس اور بی جے پی کے قائدین دہلی کے بڑوں کے سامنے سر جھکا رہے ہیں۔آئندہ 500دن میں کے سی آر چیف منسٹر ہ وں گے۔ انہوں نے طنز کیا کہ سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی آتے ہیں تو چیف منسٹر ریونت ریڈی ان کے باڈی گارڈ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے مذاق اڑایا کہ وہ کرسیاں درست کرتے ہیں، ٹشو پیپر ہاتھ میں لیے رہتے ہیں اور سیکیورٹی والے انہیں ایک طرف دھکیل دیتے ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ راہول گاندھی گاڑی پر جاتے ہیں تو ریونت ریڈی، مہیش کمار گوڑ اور ویویک کو ان کے پیچھے دوڑنا پڑتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ کو اپنے سے چھ سال چھوٹے امت شاہ کے پاؤں چھونے کی کیا ضرورت ہے ؟۔کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے کے بعد تین برسوں میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کو نظرانداز کیا اور مصنوعی قحط پیدا کیا۔ انہوں نے تنقید کی کہ وہ گوداوری کے پانی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تالابوں اور ذخائرِ آب کو بھر کر کسانوں کو آب پاشی کا پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی مناسب منصوبہ ہے اور نہ ہی خلوصِ نیت۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کانگریس حکومت کی لاپروائی ہی کی وجہ سے ریاست میں قحط آیا ہے۔’’کلیان لکشمی اسکیم کے تحت ایک تولہ سونا، طالبات کو اسکوٹیاں، اور طلبہ کو 10 ہزار روپے سے 10 لاکھ روپے تک مالی امداد کے وعدے کانگریس بھول گئی ہے۔ پہلے سال ڈیڑھ لاکھ، دوسرے سال مزید ڈیڑھ لاکھ، اور تیسرے سال ایک لاکھ 20 ہزار پنشنیں ختم کر دی گئیں۔ مجموعی طور پر 4.71 لاکھ پنشنوں میں کٹوتی کی گئی۔ حکومت کہتی ہے کہ 4.63 لاکھ نئی پنشنیں دی گئی ہیں۔ پنشنیں بڑھانے کی شیخی بگھارنے والے کانگریسی وزرا کو حقائق بیان کرنے چاہئیں۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے 4 لاکھ 71 ہزار پنشنیں ختم کی گئیں، جبکہ صرف 4 لاکھ 63 ہزار نئی پنشنیں دی گئیں۔اس حساب سے کانگریس حکومت نے پنشن سے مستفید ہونے والوں کی تعداد بڑھائی ہے یا گھٹائی ہے ؟۔1
‘‘ انہوں نے سوال کیا۔ ’’کے سی آر حکومت کی دی ہوئی 2 ہزار روپے کی پنشن جاری رکھتے ہوئے نئی پنشنیں دینے کی شیخی بگھارنا شرم کی بات ہے۔ بزرگوں کو فی کس 4 ہزار روپے پنشن دینے کے وعدے کا کیا ہوا؟ ریونت ریڈی کہہ رہے ہیں کہ ریاست کی ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنائیں گے۔ کروڑپتی تو دور کی بات، لکھ پتی بھی نہیں بنایا۔ خواتین کو ماہانہ 2,500 روپے دینے کا وعدہ کیا گیا، مگر 36 مہینے گزرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں ہوا۔ اس حساب سے ریاستی حکومت ہر خاتون کی 85,500 روپے کی مقروض ہے۔ آئندہ دو برسوں کی رقم ملا کر خواتین کو 1.50 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ کم از کم اب تو ہر خاتون کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں۔ اگر خواتین کو لکھ پتی بنا دیا گیا تو میں ہمیشہ کے لیے سیاست سے سنیاس لے لوں گا۔1