ریونت ریڈی حکومت ’’نام بڑے، درشن چھوٹے‘‘ : ہریش راؤ

   

تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ہوم گارڈس مسائل کا شکار، حکومت فوری توجہ دے
حیدرآباد۔ 12 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی کی سرکار ’’نام بڑے، درشن چھوٹے‘‘ کے مترادف ہے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ تنخواہ ادا کرنے کی بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں، لیکن اس ماہ کی 12 تاریخ گذر جانے کے باوجود ہوم گارڈس کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کی بی آر ایس سخت مذمت کرتی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دھوپ، بارش، سردی کی پرواہ کئے بغیر ریاست بھر میں 16 ہزار سے زائد ہوم گارڈس خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن مہینے کے 12 دن گذر جانے کے باوجود بھی انہیں تنخواہوں سے محروم رکھنا شرمناک بات ہے۔ چھوٹی چھوٹی تنخواہوں پر انحصار کرتے ہوئے زندگی گزارنے والے ہوم گارڈس، مالی مسائل کا شکار ہیں۔ بروقت تنخواہوں کی عدم اجرائی کی وجہ سے انہیں گھروں کا کرایہ، بچوں کی اسکول فیس، روزانہ کا گھریلو خرچ کیلئے قرض لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ ای ایم آئی کی عدم ادائیگی پر بینکوں کی جانب سے فون کرتے ہوئے ہوم گارڈس کو ذہنی طور پر پریشان کیا جارہا ہے۔ جب سے ریاست میں کانگریس برسراقتدار آئی ہے، تب سے ہوم گارڈس ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہیں۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ہوم گارڈس کی وقت پر تنخواہیں ادا کرتے ہوئے انہیں راحت فراہم کرے۔ حکومت کی ہر اسکیم میں کٹوتی کی جارہی ہے۔ وقت پر تنخواہ ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ مختلف اسکیموں کا وعدہ کیا گیا تھا، ان پر بھی عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریاست کا سرکاری خزانہ خالی ہے اور حکومت معاشی بحران کا شکار ہے۔2