حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو ضمانت پر باہر گھومنے والا قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تیسری مرتبہ بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس اور بی جے پی کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع نہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ آج اسمبلی حلقہ جات سنگاریڈی اور ظہیر آباد میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے ریونت ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر کو کریمنل قرار دیا جس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مخالف تلنگانہ طاقتیں متحد ہورہی ہیں ۔ جس سے تلنگانہ عوام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ پہلے تلگو دیشم اور اب وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے کانگریس کی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جب کہ تلنگانہ تحریک کے دوران تلنگانہ کے حامیوں کو گولی مار کر قتل کردینے کی ریونت ریڈی نے دھمکی دی تھی ۔ ریونت ریڈی ووٹ برائے نوٹ کے پکڑے گئے ملزم ہے ۔ وہ اس وقت ضمانت پر باہر ہے ۔ ساتھ ہی کانگریس کے قائدین ہی ان پر ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں ۔ اگر غلطی سے بھی کانگریس کے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ووٹ دیا گیا تو ریونت ریڈی ریاست کو بھی ہول سیل میں فروخت کردیں گے ۔ ریاست کی ترقی کو نظر انداز کردیا جائے گا ۔ فلاحی اسکیمات برخاست ہوجائیں گی ۔ بدعنوانیوں کے دور کا احیا ہوجائے گا ۔ غنڈہ گردی کا کلچر فروغ پائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں امن و امان ہے ، ترقی اور خوشحالی ہے ، کسان ، خواتین اور سماج کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ تمام سروے بی آر ایس کے حق میں ہے ۔ کے سی آر ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ ریاست میں بی آر ایس کی حکومت ہوگی ۔ اگر سنگاریڈی اور ظہیر آباد میں کانگریس کو کامیاب بنایا جائے گا تو دونوں حلقے ترقی سے محروم ہوں گے ۔۔ ن