چیف منسٹر پر کے سی آر کا خوف واضح، سدی پیٹ کی تقریر میں تریسٹھ مرتبہ نام لیا گیا۔ کانگریس قائدین کی شمولیت تقریب سے سابق وزیر کا خطاب
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز)سابق وزیر ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو چیلنج کیا کہ ’’اگر ہمت ہے تو تم خود سدی پیٹ سے کانگریس کی جانب سے میرے مقابلے میں الیکشن لڑو۔‘‘ سدی پیٹ میں کل چیف منسٹر کے دورے پر ہریش راؤ نے ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اندراما جیون بیمہ پر جلسہ منعقد کرکے اس کے بارے میں بات کیے بغیر انہوں نے کے سی آر، کے ٹی آر اور مجھے 140 مرتبہ یاد کیا۔ 63 مرتبہ کے سی آر کا نام، 53 مرتبہ میرا نام اور 24 مرتبہ کے ٹی آر کا نام لیا، دیکھو تمہیں کتنا خوف لاحق ہے۔ انہوں نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی ایک کووَرٹ، سب وَرٹ اور پروَرٹ ہیں؛ چندرابابو کی آبی لوٹ میں تعاون کرنے والے کووَرٹ، نظام کو بگاڑنے والے سب وَرٹ اور بگڑی ہوئی ذہنیت رکھنے والے پروَرٹ ہیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ ’’تم تلنگانہ کے ساتھ جو غداری کر رہے ہو، میں اسے ثبوتوں کے ساتھ عوام کے سامنے بیان کروں گا۔ ریونت ریڈی، اگر ہمت ہے تو اسمبلی کا اجلاس طلب کرو اور مائیک بند مت کرو۔‘‘سابق وزیر ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ ریونت ریڈی کو بی آر ایس سربراہ کے سی آر سے خوف ہے اور اسی خوف کی وجہ سے وہ ذاتی تنقیدیں کر رہے ہیں۔ جمعہ کے روز حیدرآباد کے تلنگانہ بھون میں ضلع میدک کے رامائن پیٹ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے کانگریس پارٹی کے قائدین اور کارکن ہریش راؤ کی موجودگی میں بی آر ایس میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ان کو گلابی کھنڈوے پہنا کر بی آر ایس میں خوش آمدید کہا۔اس پروگرام میں سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، بی آر ایس قائدین کنٹھا ریڈی، تروپتی ریڈی، رامائن پیٹ پی اے سی ایس چیئرمین باڈے چندرم، سابق میونسپل چیئرمین پلے جیتندر گوڑ، سینئر قائدین سپربھات راؤ، کونسلر کوکو پروین، قائدین اوما مہیشور، احسن الدین، احمد اور دیگر قائدین و کارکنوں نے شرکت کی۔1