علحدہ مردم شماری کے مطالبہ کی تائید، ٹی آر ایس ارکان کی عدم شرکت پر تنقید
حیدرآباد۔13۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی بی سی تنظیموں کی جانب سے جنتر منتر پر منعقدہ دھرنے میں حصہ لیتے ہوئے کاسٹ کی بنیاد پر بی سی طبقات کی مردم شماری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے کاسٹ کی بنیاد پر ملک بھر میں مردم شماری کی ضرورت ہے۔ بی سی ویلفیر اسوسی ایشن نے جنتر منتر پر بی سی جنگ سائرن کے عنوان سے احتجاجی پروگرام منعقد کیا تھا ۔ بی سی طبقات میں مختلف ذیلی طبقات شامل ہیں اور تنظیمیں چاہتی ہیں کہ ذیلی طبقات کی علحدہ مردم شماری کی جائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت نے یہ تجویز پیش کی تھی لیکن 2014 ء میں انتخابی شکست کے بعد یہ تجویز ادھوری رہ گئی ۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر تجویز کو ملتوی کرنے کا الزام عائد کیا۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی سی طبقات کی تائید سے ٹی آر ایس برسر اقتدار آئی لیکن کے سی آر مردم شماری کے حق میں نہیں ہیں۔ بی جے پی کی تائید کرتے ہوئے کے سی آر پسماندہ طبقات کو بھلا چکے ہیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کی دھرنے میں عدم شرکت پر تنقید کی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مرکز اور تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر بی سی طبقات کی کاسٹ زمرہ بندی کرائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں پیش کریں گے ۔ ر