ریونت ریڈی کی دہلی میں راہول گاندھی سے تقریبا ایک گھنٹہ تک ملاقات

   

دونوں کے درمیان دوریوں کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ‘ ذات پات کی مردم شماری ، ایس سی زمرہ بندی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہلی میں قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی سے ملاقات کرکے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال ، ایس سی زمرہ بندی ، ذات پات کے سروے کے علاوہ دیگر امور پر تقریبا ایک گھنٹہ تک تبادلہ خیال کیا ۔ جس کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی اور راہول گاندھی کے درمیان دوریاں پیدا ہوجانے کے قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر نے 10 جن پتھ سونیا گاندھی کی قیام گاہ پر راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ اس اجلاس میں تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال ، نظم و نسق امور کے تعلق سے راہول گاندھی کو واقف کرایا ۔ ذات پات کی مردم شماری اور ایس سی طبقات کی زمرہ بندی کی قرار دادوں کو اسمبلی میں منظوری کی بھی اطلاع دی ۔ ساتھ ہی کانگریس کی جانب سے ریاست کے دو اضلاع میں ایس سی اور بی سی جلسہ عام کی تیاریوں سے واقف کروایا اور ان جلسوں میں شرکت کی راہول گاندھی کو دعوت دی ۔ ذات پات کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاست میں مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات دینے کی تیاری کرنے پر روشنی ڈالی ۔ اس کے علاوہ ایم ایل اے کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نشستوں پر امیدواروں کے انتخاب ، کابینہ کی توسیع ، پردیش کانگریس عاملہ کی تشکیل نامزد عہدوں پر تقررات ، مقامی اداروں کے انتخابات و دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ کل ہی کانگریس ہائی کمان نے میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کانگریس امور کا نیا انچارج نامزد کیا ہے ۔ اس کے دوسرے دن چیف منسٹر کی راہول گاندھی سے ملاقات کو خاصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔ میناکشی نٹراجن کا راہول گاندھی کی ٹیم سے تعلق ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راہول گاندھی نے تلنگانہ میں ذات پات کی مردم شماری پر مسرت کا اظہار کیا ۔ ساتھ ہی بی سی طبقات کی ناراضگی پر چیف منسٹر سے وضاحت طلب کی ۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ بی آر ایس اقتدار میں کرائے گئے سروے کی قانونی حیثیت نہیں ہے ۔ کانگریس سے سائنٹیفیک انداز میں سروے کرایا گیا ہے ۔ اپوزیشن بالخصوص بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر سروے کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کرکے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حکومت نے تمام پہلوؤں سے اس کاجائزہ لینے کے بعد جو لوگ سروے میں شامل نہیں ہوئے انہیں دوبارہ موقع فراہم کرنے آج سے ذات پات کا سروے شروع کیا ۔ پہلے سروے میں جو لوگ شامل نہیں ہوئے انہیں اپنے ناموں کا اندراج کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ کانگریس نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ان وعدوں کی تکمیل کی جارہی ہے ۔ کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کئے گئے ہیں ۔ مزید چار نئی اسکیمات پر 26 جنوری سے عمل ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر کی راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد دونوں میں دوریاں ‘ راہول گاندھی چیف منسٹر کو ملاقات کیلئے وقت نہ دینے کی جو افواہیں اور قیاس آرائیاں گشت کررہی تھی ان کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ حالیہ دنوں میں چیف منسٹر نے کئی مرتبہ دہلی کا دورہ کیا ۔ جہاں مرکزی وزراء ، کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال و دیگر سینئیر قائدین سے ملاقات کی تھی ۔ تاہم راہول گاندھی سے ملاقات نہیں ہوئی تھی جس پر ایسی افواہیں گشت کررہی تھی ۔۔ 2