کابینہ میں توسیع، پردیش کانگریس کی صدارت اور نامزد عہدوں کے مسئلہ پر بات چیت، ورنگل جلسہ عام اور راجیو گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب سے واقف کرایا گیا
تلنگانہ کے امور پر بھٹی وکرمارکا اور اتم کمار ریڈی سے ہائی کمان کی مشاورت
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے آج نئی دہلی میں ہائی کمان سے تلنگانہ کے زیر التواء امور پر بات چیت کی۔ صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے ، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی ، سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال سے ملاقات میں تلنگانہ کابینہ میں توسیع ، نئے صدر پردیش کانگریس کا انتخاب اور نامزد عہدوں پر تقررات جیسے امور پر بات چیت رہی۔ اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں یہ ملاقات ہوئی۔ ریونت ریڈی نے دورہ امریکہ سے واپسی کے بعد نئی دہلی پہنچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن ممکن نہ ہوسکا۔ ہائی کمان کی طلبی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین کل رات نئی دہلی پہنچے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر اور دیگر قائدین کی آج راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات رہی۔ چیف منسٹر نے راہول گاندھی کو کسانوں کے قرض معافی اسکیم کی تکمیل کے سلسلہ میں ورنگل کے مجوزہ جلسہ اظہار تشکر میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے سکریٹریٹ کے روبرو آنجہانی راجیو گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کیلئے سونیا گاندھی کو مدعو کرنے کے پروگرام سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر پردیش کانگریس کی صدارت پر نئے قائد کے انتخاب کی سفارش کی تاکہ وہ حکومت کی کارکردگی پر مکمل توجہ دے سکیں۔ واضح رہے کہ 7 جولائی کو صدرپردیش کانگریس کے عہدہ پر ریونت ریڈی کی میعاد مکمل ہوچکی ہے اور ہائی کمان نے نئے صدر کے انتخاب کیلئے مشاورت عمل جاری رکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر نے نئے صدر کے طور پر ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ بلرام نائک کے نام کی سفارش کی ہے۔ اس عہدہ کے دیگر دعویداروں میں مہیش کمار گوڑ ، مدھو یاشکی گوڑ شامل ہیں جن کا بی سی طبقہ سے تعلق ہے۔ ایس سی طبقہ کے سمپت کمار بھی عہدہ کی دوڑ میں ہیں۔ کانگریس ہائی کمان سماجی انصاف کو پیش نظر رکھتے ہوئے نئے صدر کا انتخاب کرے گا۔ نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں ہائی کمان نے فوری طور پر کوئی تیقن نہیں دیا۔ تاہم امید ہے کہ جلد ہی اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کے تقرر کے بارے میں زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں۔ تلنگانہ کابینہ میں 6 نشستیں مخلوعہ ہیں جن کے لئے کئی دعویدار موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر صرف چار وزراء کو شامل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ ہنگامی حالت میں باقی دو وزراء کی نشستوں کو پر کیا جاسکے۔ وزارت کے اہم دعویداروں میں سدرشن ریڈی ، کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی ، وی سری ہری ، مال ریڈی رنگا ریڈی ، پریم ساگر راؤ اور جی ویویک کے نام زیر غور بتائے جاتے ہیں۔ کابینہ میں مسلم نمائندگی نہیں ہے، لہذا گورنر کوٹہ کے تحت نامزد جناب عامر علی خاں کو کابینہ میں شامل کئے جانے پر ہائی کمان غور کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر ، گورنمنٹ چیف وہپ اور دیگر نامزد عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے ہائی کمان سے بات چیت کی۔ اطلاعات کے مطابق پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے انجن کمار یادو اور جگا ریڈی نے بھی اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ ریونت ریڈی کا تعلق جنوبی تلنگانہ سے ہے ، لہذا پردیش کانگریس کا صدر شمالی تلنگانہ سے ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق ہائی کمان نئے صدر پردیش کانگریس، کابینہ میں توسیع اور نامزد عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں عنقریب اپنے فیصلہ سے آگاہ کرے گا۔ 1