ریونت ریڈی کی نتن گڈکری سے ملاقات، ریجنل رنگ روڈ کے شمالی حصہ کی منظوری کی درخواست

   

شمالی اور جنوبی حصوں کیلئے مرکز کی منظوری درکار، حیدرآباد تا امراوتی گرین فیلڈ ہائی وے اور فیوچر سٹی تا بندر پورٹ 12 لائن ہائی وے کا منصوبہ
حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے نئی دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے ریجنل رنگ روڈ کے زیرالتواء شمالی حصہ کو مرکزی کابینہ سے فوری منظوری دلانے اور تعمیری کام جلد از جلد شروع کرنے کی درخواست کی۔ نتن گڈکری سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ریجنل رنگ روڈ کے علاوہ قومی شاہراہوں سے متعلق مرکز کے پاس زیرالتواء کاموں پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریجنل رنگ روڈ کے شمالی حصہ کے لئے 95 فیصد اراضی حصول کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے جنوبی حصہ کے لئے بھی ضروری منظوریوں کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ریجنل رنگ روڈ کے شمالی اور جنوبی دونوں حصوں کی تعمیر ایک ساتھ شروع کی جائے تو منصوبہ کی لاگت میں کمی آئے گی اور کم وقت میں پراجکٹ مکمل کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو حیدرآباد سے آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی تک مجوزہ گرین فیلڈ ہائی وے کی اہمیت سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ منصوبہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تجویز کیا گیا تھا لہذا اِس کی فوری منظوری اور احکامات جاری کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے بھارت فیوچر سٹی سے امراوتی کے راستہ بندر پورٹ تک مجوزہ 12 لائن ہائی وے کی تعمیر کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ اِس پراجکٹ سے حیدرآباد اور وجئے واڑہ کے درمیان تقریباً 100 کیلو میٹر کا سفر آسان ہوجائے گا۔ حیدرآباد سے بندر پورٹ تک مال برداری بھی زیادہ تیز اور مؤثر ہوجائے گی۔ ریونت ریڈی نے منانور تا سری سیلم ایلویٹیڈ کاریڈار کے لئے درکار جنگلاتی منظوری کا معاملہ مرکزی وزیر کے روبرو پیش کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ کاریڈار نلاملا جنگلات، سری سیلم مندر اور سری سیلم ذخیرہ آب کے علاقہ سے گزرتا ہے، اِس لئے منصوبہ کی جلد منظوری دی جائے۔ چیف منسٹر نے منچریال سے حیدرآباد تک 6 لائن پر مبنی متبادل شاہراہ کی ضرورت پر زور دیا جو موجودہ راجیو ہائی وے کا متبادل ہوگی۔ اُنھوں نے یقین دلایا کہ اِس منصوبہ کے لئے درکار اراضی ریاستی حکومت حاصل کرے گی۔ نئی شاہراہ سے زراعت، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ علاقہ میں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ نتن گڈکری سے ملاقات کے موقع پر نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ رگھوویر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، حکومت کے مشیر و سابق چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ، اسپیشل سکریٹری کوآرڈی نیشن ادویت کمار سنگھ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔V/1/k/b