رجسٹریشن لازمی ہو تو ایوش ڈپارٹمنٹ سے کرانے کے دوسرے
مسائل پر یادداشت پیش کی گئی
حیدرآباد ۔ 12 نومبر (راست) تلنگانہ ریٹائرڈ یونانی میڈیکل ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر ڈاکٹر کلیم اللہ خان کی صدارت میں ڈائرکٹر آیوش پرشانتی سے ملاقات کرکے مختلف مسائل سے انہیں واقف کرایا۔ جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد سلیم نے مسائل پر مشتمل یادداشت پیش کی۔ اس وفد میں ڈاکٹر صدرالدین شاہد، ڈاکٹر محمد اسمعیل اور ڈاکٹر محمد مکرم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد سلیم نے یونانی کے علاوہ ایوش کے دوسرے مسائل سے واقف کراتے ہوئے ڈائرکٹر ایوش کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس اور ان کی ٹیم کی جانب سے کلینک کے رجسٹریشن کے نام پر ڈاکٹرس کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ اگر رجسٹریشن لازمی ہے تو محکمہ ایوش کے تحت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے اور ساتھ ہی ایوش ڈاکٹرس کو ایمرجنسی کی حالت میں ایلوپیتھی پراکٹس کی اجازت دی جائے۔ یونانی ڈپارٹمنٹ میں ڈاکٹرس کے علاوہ دیگر طبی عملہ کے مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کیا جائے اور یونانی کو مستحکم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیا جائے۔ ساتھ ہی یونانی کے ڈسپنسریز کو ریاست کے تمام 33 اضلاع ہیڈکوارٹر پر قائم کیا اور ڈاکٹرس کے نئی جائیدادیں ایجاد کی جائے۔ ڈائرکٹر ایوش پرشانتی نے یادداشت پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا اور اس سلسلہ میں حکومت کو تجاویز روانہ کرنے کا یقین دلایا۔