ریڈی سمہا گرجنا میں وزیر ملا ریڈی پر کرسیوں و چپلوں سے حملہ

   

حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ گھٹکیسر میں ’’ ریڈی سمہا گرجنا ‘‘ میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب بعض افراد نے ریاستی وزیر لیبر سی ایچ ملا ریڈی پر کرسیوں اور چپلوں سے حملہ کیا۔ وہاں سے بچ نکلنے کی کوشش کے دوران وزیر کی کار کے سامنے بھی احتجاج کیا گیا۔ ریڈی طبقہ کیلئے 5000 کروڑ سے کارپوریشن کے قیام کیلئے ریڈی جے اے سی کی قیادت میں گھٹکیسر علاقہ میں اتوار کی شام ’ ریڈی سمہا گرجنا ‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر وزیر لیبر سی ایچ ملا ریڈی نے تقریر کا آغاز کرکے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ٹی آر ایس حکومت کی تعریفوں کے پُل باندھنے شروع کئے جس پر جلسہ عام میں موجود افراد نے وزیر کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی اور کچھ ہی دیر میں چپلوں اور کرسیوں سے حملہ کردیا۔ حالات کشیدہ ہونے کے بعد اسٹیج پر پولیس طلب کرلی گئی اور وزیر کو ہنگامی حالت میں تقریر روکنی پڑی جبکہ بھاری پولیس فورس وزیر کے قافلہ کو وہاں سے محفوظ نکالنے کی کوشش میں تھی کہ ریڈی طبقہ سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے وزیر کی گاڑی کے سامنے بیٹھ کر احتجاج اور نعرہ بازی کی۔ اتنا ہی نہیں وزیر کی کار پر پتھروں اور کرسیوں سے حملہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں تلنگانہ کانگریس صدر ریونت ریڈی کی جانب سے ریڈی طبقہ کی تعریف کرنے اور ویلما طبقہ کے خلاف بیان دینے پر وزیر ملاریڈی نے ریونت ریڈی کے خلاف سخت بیان جاری کرکے غلط بیانی کی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس بیان جاری کرنے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرنے کیلئے ریڈی طبقہ کے افراد نے ملا ریڈی پر اپنی برہمی ظاہر کی۔’ ریڈی سمہا گرجنا ‘ کیلئے بھاری پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ب