یادو طبقہ کے اجلاس میں بیان سے انحراف، تمام طبقات سے بہتر تعلقات کا اعتراف
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے اعلیٰ طبقات بالخصوص ریڈی طبقہ کے قائدین کے خلاف اپنے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ انجن کمار یادو نے کل یادو طبقہ کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں انہوں نے ریڈی طبقہ کے قائدین کے خلاف سخت ریمارکس کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یادو طبقہ کی ترقی میں ریڈی قائدین اہم رکاوٹ ہیں۔ انجن کمار نے کہا تھا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ پر انتخاب کیلئے لالو پرساد یادو نے ان کے نام کی سونیا گاندھی سے سفارش کی تھی جبکہ دو اہم ریڈی قائدین نے ان کی مخالفت کی تھی۔ انجن کمار یادو نے آج اپنے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے میڈیا پر بیان توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈی طبقہ کے قائدین سے ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ راہول گاندھی کو وزیر اعظم منتخب کرنا ہر کسی کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے قائدین سے ان کے خوشگوار روابط ہیں۔ انجن کمار یادو نے وضاحت کی کہ یادو طبقہ کے اجلاس میں انہوں نے جو باتیں نہیں کی تھیں ان سے منسوب کرتے ہوئے وائرل کردی گئی۔ میں نے ریڈی طبقہ کے قائدین کے خلاف کوئی ریمارکس نہیں کئے۔ تلنگانہ کے حصول میں تمام طبقات نے اہم رول ادا کیا۔ میرے قریبی دوستوں میں ریڈی طبقہ کے کئی قائدین ہیں، میں کسی ایک مخصوص طبقہ کے خلاف نہیں ہوں۔ انجن کمار یادو نے ریاست میں طبقاتی سروے کا خیرمقدم کیا اور راہول گاندھی کے نظریہ کے مطابق سروے کے اہتمام پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے کل کے اجلاس سے متعلق اخبارات کی رپورٹنگ پر وضاحت کی ہے۔ انہوں نے سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے ڈی ناگیندر کو ٹکٹ دیئے جانے کی مخالفت کی تھی۔1