سائبر دھوکہ بازوں سے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ

   

ویڈیو کال کے ذریعہ خواتین کے ساتھ بلیک میلنگ ، سائبر کرائم پولیس کی گہری نظر
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہریوں کو ٹھگنے کا سائبر دھوکہ باز کوئی بھی موقع گنوانا نہیں چاہتے ۔ پولیس کی چوکسی اور اقدامات و عوامی شعور بیداری کے باوجود ہر دن کسی نہ کسی طریقہ کو ایجاد کرتے ہوئے عوام کو ٹھگ لیا جارہا ہے ۔ عریاں ویڈیو کالنگ کے ذریعہ نوجوان لڑکوں اور مرد افراد کو لوٹنے کے واقعات کے بعد اب دھوکہ باز نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو نشانہ بنانے لگے ہیں۔ پولیس بارہا یہ کہتی آرہی ہے کہ کسی بھی اجنبی کے فون کال کا جواب نہ دیں۔ اس نئے طریقہ کار میں بس فون کال ریسو کرنا ہی مشکلات کو دعوت دینے کا سبب بن سکتا ہے ۔ چونکہ کال کرنے والا دھوکہ باز جو ویڈیو کال کرتا ہے پہلے سے عریاں حالت میں موجود رہتا ہے ۔ کال ریسو کرنے کے فوری بعد چند سکینڈس میں تصویر اور چند سکنڈس کا ویڈیو تیار کرلیا جاتا ہے اور پھر اس کو سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دیکر رقم لوٹ لی جاتی ہے ۔ خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے واقعات منظر عام پر آنے کے بعد سائبر کرائم پولیس کی جانب سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ کی پولیس نے اس سلسلہ میں خواتین اور لڑکیوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے شعور بیداری کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس پس منظر میں ایک فرضی ویڈیو تیار کیا گیا ہے جس میں صاف طور پر بتایا گیا ہے کہ سائبر دھوکہ باز کس طرح سے لڑکیوں اور خواتین کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ پولیس نے خواتین اور لڑکیوں کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ع