سابق امریکی صدر ٹرمپ پر ریپ کا الزام، حلفیہ بیان قلمبند

   

واشنگٹن : ایک خاتون کالم نگار کی جانب سے ریپ کے الزام کے بعد سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ہتک عزت کے معاملے پر حلفیہ بیان قلمبند کیا گیا ہے۔ای جین کیرول نے الزام لگایا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ان پر 1990 کی دہائی کے وسط میں نیویارک کے بڑے ڈپارٹمنٹل سٹور کے ڈریسنگ روم میں جنسی حملہ کیا تھا۔ڈونالڈ ٹرمپ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’جین کیرول جھوٹ بول رہی ہیں‘، جس کے بعد جین کیرول نے ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔جین کیرول کے وکیل نے اپنی مؤکلہ کے بیان کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ بدھ کو ہوا تھا۔ اس مقدمے کی عدالت میں سماعت چھ فروری سے شروع ہو گی۔لاء فرم کاپلن ہیکر اینڈ فنک کے ترجمان کا کہنا ہیکہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے مؤکل، ای جین کیرول کی جانب سے، ہم آج ٹرمپ کا بیان قلمبند کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔’ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اس پر مزید تبصرہ نہیں کر سکتے۔سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی وکیل علینا حابہ نے ایک بیان میں کہا کہ جیسا کہ ہم نے پہلے ہی کہا ہے، میرے مؤکل نے آج بیان دینے اور حقائق واضح کرنے پر خوشی محسوس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہت سے دوسرے افراد کی طرح ٹرمپ کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی طویل فہرست میں ایک سیاسی چال سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔