سابق وزیر کونڈا سریکھا کا حیرت انگیز اقدام

   

ورکنگ پریسیڈنٹ بی آر ایس کے ٹی آر کے خلاف سابقہ ریمارکس سے دستبردار
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سابق وزیر کونڈا سریکھا نے ایک حیرت انگیز قدم اٹھاتے ہوئے بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ کے خلاف اپنے سابقہ ریمارکس سے دستبرداری اختیار کر لی۔ کونڈا سریکھا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اکتوبر 2024 میں کیے گئے اپنے ریمارکس سے دستبرداری اختیار کر لی۔ انہوں نے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ان کا مقصد کے ٹی آر یا ان کے افرادِ خاندان کو تکلیف دینا نہیں تھا۔کونڈا سریکھا نے الزام عائد کیا تھا کہ فلم ایکٹر ناگا چیتنیا اور سمانتھا کی طلاق کے لیے کے ٹی آر ذمہ دار ہیں۔ ناگا چیتنیا کے والد ناگارجنا نے سابق وزیر کے خلاف نام پلی کورٹ میں ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا جو ابھی بھی زیرِ دوران ہے۔ مقدمے کے دوران ہی کونڈا سریکھا نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے اپنے الفاظ واپس لیے۔واضح رہے کہ کونڈا سریکھا کو حال ہی میں ریاستی کابینہ سے اس وقت برطرف کر دیا گیا جب ان کی دختر کونڈا سشمیتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں اور کرپشن کا الزام عائد کیا تھا۔کونڈا سریکھا نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے موقف کی وضاحت کی اور کہا کہ اس وقت کے سیاسی حالات میں انہوں نے وہ ریمارکس کیے تھے ، ان کا مقصد کے ٹی آر اور ان کے افرادِ خاندان کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔ اگر میرے ریمارکس سے انہیں تکلیف پہنچی ہے تو میں انہیں واپس لیتی ہوں اور مجھے ان ریمارکس پر افسوس ہے۔واضح رہے کہ کے ٹی آر کے حامیوں نے ان کا ایک پرانا ویڈیو وائرل کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کونڈا سریکھا کو معذرت خواہی کے لیے مجبور کیا جائے گا۔1