وزیر اعظم اور وزیر فینانس سے کے سی آر کی ملاقات متوقع،تلنگانہ کابینہ کا اجلاس
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں تلنگانہ کابینہ کے آج شام پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس میں ریاست کی معاشی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔مالیہ کی مبینہ کمی کے تناظر میں سرکاری مصارف پر کنٹرول کرنے اور کفایتی اقدامات اختیار کرنے پر غور کیا گیا ۔ علاوہ ازیںریاست کی زرعی ترقی اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی سربراہی سے متعلق حکومت کی فلیگ شپ اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سال نو 2020کے پہلے مہینہ جنوری سے کالیشورم سے پانی کی سربراہی کا آغاز متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مرکز سے ریاستی گرانٹس اورمختلف محصولات کی بروقت فراہمی کیلئے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے نام مکتوب روانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں 17ویں پے ریویژن کمیشن پر عمل آوری، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وغیرہ جیسے موضوعات بھی کابینی اجلاس کے ایجنڈہ میں شامل تھے۔ ریاست میں مجالس بلدیہ اور کارپوریشنوں کے انتخابات کے انعقاد ، آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے اختتام اور مابعد کی صورتحال سے بھی چیف منسٹر نے وزراء کو واقف کروایا۔باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بہت جلد نئی دہلی کے دورہ پر روانہ ہوں گے جہاں وہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے ملاقات کے دوران ریاستی مسائل کی یکسوئی کی درخواست کریں گے۔