سالگرہ کے موقع پر 5 ہزار کے سی آر کٹس کی تقسیم

   

گفٹ اے اسمائیل جذبہ کے تحت بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے اپنی سالگرہ 24 جولائی کو ’ گفٹ اے اسمائیل ‘ (Gift a Smile) کے طور پر 5 ہزار ماؤں کو کے سی آر کٹ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس سے قبل تلنگانہ بھون میں چند ماؤں میں یہ کٹس تقسیم کئے گئے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں متعارف کرائی گئی یہ منفرد اسکیم تھی ۔ اس اسکیم پر عمل سے کے سی آر کو شہرت ملنے کے ڈر سے کانگریس حکومت نے اس پر عمل روک دیا ہے ۔ کے سی آر حکومت میں اس اسکیم پر عمل سے زچہ اور بچہ کی اموات بڑے پیمانے پر گھٹ گئی تھی اور سرکاری ہاسپٹلس میں زچگیوں کا تناسب بڑھ گیا تھا ۔ ریاست میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کے بعد 20 ماہ سے اس اسکیم پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی ہے جس سے کئی مائیں پریشان ہیں اس لیے وہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ ان کی سالگرہ کے موقع پر 24 جولائی کو سرسلہ میں 5 ہزار ماؤں میں کے سی آر کٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 2014 سے قبل عوام سرکاری ہاسپٹلس میں علاج کرانے سے گریز کرتے تھے ۔ بی آر ایس دور حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کی صحت پر خصوصی توجہ دی کئی نئے سرکاری ہاسپٹلس قائم کئے گئے اور کئی موجودہ ہاسپٹلس کو اپ گریڈ کرکے جدید طبی سہولتیں فراہم کی گئی ۔ بی آر ایس حکومت میں راج شیکھر ریڈی کی کئی اہم اسکیمات پر عمل کیا گیا مگر موجودہ کانگریس حکومت بی آر ایس دور کے عوامی اسکیمات کو نظر انداز کرچکی ہے ۔۔ 2