سب لیفٹیننٹ پونیہ بحریہ کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ بن گئیں

   

نئی دہلی 04 جولائی (یو این آئی) سب لیفٹیننٹ آستھا پونیہ نے بحریہ کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔ بحریہ نے جمعہ کو کہا کہ آستھا نے یہ اعزاز جمعرات کو وشاکھاپٹنم کے نیول ایئر بیس پر دوسرے بیسک ہاک کنورژن کورس کی تکمیل کے بعد حاصل کیا۔ اس کورس میں بہترین کارکردگی کے لیے ،اسسٹنٹ نیول چیف (ایئر) ریئر ایڈمرل جنک بیولی نے لیفٹیننٹ اتل کمار اور سب لیفٹیننٹ آستھا پونیہ کو باوقار ‘ونگ آف گولڈ’ ایوارڈ سے نوازا۔ سب لیفٹیننٹ پونیہ نیول ایوی ایشن کی فائٹر اسٹریم میں شامل ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ اس سے بحریہ میں خواتین فائٹر پائلٹوں کے ایک نئے دور کی سمت متعین ہوئی ہے ۔ بحریہ میں پہلے سے ہی ایسی خواتین افسران شامل ہیں جو جاسوسی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں میں بطور پائلٹ اور بحریہ کے فضائی آپریشنز آفیسرز کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ بحریہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بھی سب لیفٹیننٹ پونیہ کی اس کامیابی کی جانکاری دی ۔