ہرزیگوینا۔ سربیا کے دارالحکومت بلغراد کے قریب ایک پرتشدد واقعہ میں ملوث مبینہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شوٹنگ کے اس واقعہ میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سیربین میڈیا کے مطابق مشتبہ حملہ آور کو جمعے کی صبح حراست میں لے لیا گیا۔ یہ گرفتاری سیربیا کے وسطیٰ قصبے کراگوجیواچ میں عمل میں آئی۔ سیربیا میں دو روز میں اندھا دھند فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ اس واقعہ میں دس سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے تھے۔ دارالحکومت بلغراد کے جنوب میں پچاس کلومیٹر دور واقعہ گاؤں دْوبونا میں 21 سالہ مشتبہ حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر کے آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا اور جائے واقعہ سے فرار ہو گیا تھا۔ اس حملہ آور کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ایک وسیع آپریشن کا آغاز کیا تھا، جس میں چھ سو سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تھے، جن میں انسداد دہشت گردی شعبے کے اہلکار بھی شامل تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس گرفتاری کے لیے ڈرونز، ہیلی کاپٹر اور تھرمل امیجنگ کیمروں کی ٹیکنالوجی تک استعمال کی گئی۔ جمعرات کی شب پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد پوری رات اس حملہ آور کی تلاش کا آپریشن جاری رہا۔ بتایا گیا ہیکہ کراجیواچ گاؤں جہاں سے اس مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لیا گیا، جائے واقعہ سے سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اب تک اس واقعہ کے درپردہ محرکات کی بابت تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔