سردی سے تنگ مسافروں نے ٹرین میں آگ جلالی

   

نئی دہلی : شدید سردی سے تنگ کچھ مسافروں نے ٹرین میں ہی آگ لگا کر دیگر مسافروں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال دیا۔ میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مسافر ٹرین میرٹھ پریاگ راج سنگم ایکسپریس میں پیش آیا، اس ٹرین میں کسان یونین کے نائب صدر کشال پال کے سپورٹرز بھی سوار تھے جنہوں نے سردی کی شدت کی وجہ سے ٹرین میں ہی کاغذوں سے آگ لگالی اور ہاتھ تاپنا شروع ہوگئے جس سے ڈبے میں دھواں بھر گیا۔ ٹرین میں سوار ایک مسافر نے آگ جلانے کی ویڈیو بنائی اور ریلوے انتظامیہ کو آگاہ کیا جس پر ریلوے انتظامیہ نے ٹرین کو کانپور سینٹرل اسٹیشن پر روک دیا۔ ریلوے انتظامیہ نے آگ جلانے والے مسافروں کو سخت تنبیہ کی جس کے بعد ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔