سرنگ میں پھنسے 8 ملازمین کے بچاؤ کیلئے مہم کا اندرون دو یوم نتیجہ خیز اختتام

   

اتم کمار ریڈی کا حادثہ کے مقام پر اعلیٰ سطحی اجلاس، فوج، بحریہ کے علاوہ عالمی ماہرین کی سرنگ میں پیشرفت
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) سری سیلم لفٹ بنک کنال کی سرنگ میں پھنسے 8 ملازمین کو بچانے کیلئے جنگی خطوط پر جاری مہم توقع ہے کہ آئندہ دو دنوں میں مکمل ہوجائے گی۔ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بچاؤ مہم میں مصروف 11 مرکزی و ریاستی اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے سابق ڈائرکٹر اور ہندوستانی فوج کے جنرل ہرپال سنگھ ، سرنگ کی کھدائی کے سلسلہ میں بین الاقوامی ماہر کریس کوپر، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے ٹی پرشوتم ، کرنل پی مہرہ کے علاوہ بحریہ کے مارکوز کمانڈو سربراہ اور دوسروں نے جائزہ اجلاس میں سرنگ میں جاری سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ ماہرین نے سرنگ میں پیشقدمی کیلئے انتہائی عصری ٹکنالوجی کے استعمال کا آغاز کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں بچاؤ ٹیمیں ملبہ کی صفائی کا کام مکمل کرلیں گی اور 8 مزدوروں کے حشر کے بارے میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بچاؤ ٹیمیں پُرامید ہیں کہ وہ پھنسے ہوئے ورکرس تک جلد پہنچ جائیں گی۔ پانی کا بہاؤ اور کیچڑ کے نتیجہ میں پیشرفت میں رکاوٹ ہوئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بچاؤ کام آئندہ دو دن میں مکمل کرلئے جائیں گے اور نئی حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جارہا ہے۔ گذشتہ دو دنوں میں بچاؤ ٹیموں کو پیشرفت میں اہم کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور ریاستی سطح کی 11 ایجنسیاں بچاؤ کاموں میں دن رات مصروف ہیں اور کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے۔ حالیہ برسوں میں سرنگ میں بچاؤ کاموں کا یہ انتہائی صبر آزما چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملبہ کی صفائی میں احتیاط برتی جارہی ہے تاکہ پھنسے ہوئے ورکرس کو کوئی نقصان نہ ہو۔ واقعہ کے بعد سے تلنگانہ حکومت نے فوج، بحریہ اور دیگر اداروں کے ماہرین کی مدد حاصل کی ہے۔ عالمی سطح کے ماہرین سے تجاویز حاصل کرتے ہوئے کمانڈوز آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ دنوں کے دوران اگرچہ کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی باوجود اس کے ہم پُرامید ہیں کہ ورکرس بقید حیات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی اداروں کی مہم نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ 1