حیدرآباد۔25اگسٹ(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی حاضری کے رجسٹر اب روزانہ 10:30 بجے محکمہ تعلیم کو پہنچ جائیں گے اور اس کے بعد حاضری کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہے گی۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری اسکولوں کو سیکریٹری ایجوکیشن کی ہدایت پر ضلع ایجوکیشنل آفیسرس کی جانب سے ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند بنایاگیا ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں موجود حاضری رجسٹر روزانہ محکمہ تعلیم کی جانب سے روشناس کروائے گئے ایپلیکیشن کے ذریعہ اپ لوڈ کردیا جائے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کے اوقات کار کے ریکارڈ کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے لیکن ریاست میں چلائے جانے والے رہائشی اسکولو ںمیں اختیار کردہ ایپلیکیشن کو اب تمام اسکولوں میں متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اساتذہ کی حاضری کا ریکارڈ بہتر طریقہ سے موجود رکھا جاسکے۔ ریاست تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے سرکاری اساتذہ کی حاضری کو 10:30 بجے قبل محکمہ کو روانہ کرنے پر ہی ان کی حاضری شمار کی جائے گی اور اگر اس کے بعد حاضری کے رجسٹر کو اپ لوڈکرنے کی کوشش کی جا تی ہے تو ایسی صورت میں ایپلیکیشن اسے قبول نہیں کرے گا جس کے سبب تمام کی حاضری کو غیر حاضری تصور کرنے کی گنجائش رہے گی۔