سرکاری اصول و قواعد پر عمل کرنے راشن ڈیلرس کو ہدایت

   


ہر ماہ کی یکم تا 15 تاریخ دکانیں کھلی رکھنے کی خواہش، جگتیال میں اجلاس، ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب

جگتیال۔/29اکٹوبر۔( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ایڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا کی زیر قیادت دفتر ضلع کلکٹر کے میٹنگ ہال میں ضلع جگتیال سے متعلقہ راشن کی دکانوں کے ڈیلرس کے ساتھ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس موقع پر انھوں نے ڈیلروں کو تاکید کی کہ وہ راشن کی دکانوں میں حکومت کی ہدایت کے مطابق تفصیلات پر مشتمل بورڈ آویزاں کریں۔ٹول فری نمبر،اور خصوصاََ مستحقین کا فون نمبر نہ ہونے پر انکی تفصیلات کو ای-پاس آلات میں ضرور درج کریں۔گوداموں سے آنے والے لاریوں کیلئے موزوں مقام،اور رسد کی ذخیرہ اندوزی کی استطاعت والے مقام پر راشن کی دکانوں کا قیام عمل میں لائیں۔گوداموں سے سربراہ کئے جانے والے راشن کو مناسب اندازمیں درآمد کرلیں اور بحفاظت ذخیرہ اندوزی کریں۔شکرسے متعلقہ بلوں کی ڈی ڈی کی عدم ادائیگی اور portability کے طریقہ کا غلط استعمال نہ کرنے کی انھوں نے ہدایت دی۔بدعنوانی میں ملوث ہونے پر سخت کاروائی کرنے کا انھوں نے انتباہ دیا۔ہر ماہ کی 1 تاریخ تا 15 تاریخ تک راشن کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی انھوں نے تاکید کی۔صبح 7.00 بجے تا 11.00 بجے تک اور شام 3.00 بجے تا 7.00 بجے تک اوقات کی پابندی کی جائے۔راشن کارڈ میں موجود مستحق افراد میں کسی فرد کی موت واقع ہونے پر ان افراد کے راشن کو کسی فرد کی جانب سے خریدنے یا فروخت کرنے پر محکمہ سیول سپلائی کے نائب تحصیلدار کو مطلع کیا جائے۔ضلعی سطح پر بہترین خدمات انجام دینے والے راشن کے ڈیلرس کی نشاندہی کرتے ہوئے قومی سطح پر منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں انھیں اعزازی سند کے ساتھ تہنیت پیش کرنے کی محکمہ سیول سپلائی کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اس اجلاس میں محکمہ سیول سپلائی کے ضلعی عہدیدار چندن کمار،محکمہ سیول سپلائی کے نائب تحصیلدار ان،محکمہ سیول سپلائی کے فوڈ انسپکٹرس،راشن کی دکانوں کے ڈیلرس اور دیگر موجود تھے۔