سرکاری بلز :راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان تنازعہ جاری

   

گورنر نے راست طور پر ارکان مقننہ کو مکتوب روانہ کیا، دستوری اختیارات کا پہلی مرتبہ استعمال
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے اسمبلی میں منظورہ سرکاری بلز پر اپنے اعتراضات کا اعادہ کرتے ہوئے ارکان اسمبلی اور کونسل تک راست پہنچنے کی کوشش کی ہے۔ گورنر نے دستور کی دفعہ 175(2) کا استعمال کرتے ہوئے پہلی مرتبہ دونوں ایوانوں کے ارکان کو پیام روانہ کیا جس میں مختلف سرکاری بلز کے بارے میں اپنے اعتراضات کی وضاحت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کے ذریعہ زیر التواء بلز کے بارے میں گورنر نے وضاحت کی۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ شاید پہلا موقع ہے جب گورنر نے اسپیکر کے ذریعہ ارکان تک رسائی حاصل کی ہے۔ عام طور پر چیف سکریٹری کے ذریعہ پیامات پہنچائے جاتے ہیں۔ دستور کی دفعہ 175(2) کے تحت گورنر کو اختیار ہے کہ وہ اسمبلی اور کونسل کے ارکان کو مکتوب لکھ سکتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گورنر نے تلنگانہ پنچایت راج ترمیمی بل 2023 ، تلنگانہ پبلک ایمپلائز ریگولیشن ترمیمی بل 2022 اور تلنگانہ میونسپل ترمیمی بل 2022 کے بارے میں اپنے شبہات اور اعتراضات پیش کئے۔ گورنر کی جانب سے مذکورہ بلز واپس کئے جانے کے باوجود حکومت نے انہیں دوبارہ اسمبلی میں منظوری دی ہے۔ منظوری کے بعد یہ بلز راج بھون روانہ کئے جارہے ہیں اور دستور کے مطابق گورنر کو بلز کی منظوری کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ گورنر نے بلز کے بارے میں ان کے اعتراضات پر ایوان میں مباحث کے بارے میں تفصیلات حاصل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر نے صرف یہ اعلان کیا کہ گورنر کی جانب سے ایک پیام موصول ہوا ہے جسے ارکان میں تقسیم کیا گیا۔ تلنگانہ میں راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ گورنر نے آر ٹی سی کے انضمام سے متعلق بل پر تقریباً 10 نکات پر حکومت سے وضاحت طلب کی تھی لیکن گورنر کے اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے بل کو منظوری دی گئی۔