سرکاری تعطیلات کے دوران بھی ٹیکہ اندازی جاری رہے گی

   

تلنگانہ حکومت کا فیصلہ ، کیسس میں اضافہ کے پیش نظر ٹیکہ اندازی میں تیزی
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کیسس کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ٹیکہ اندازی کی مہم میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ٹیکہ اندازی کے مرحلہ کے بعد اب 45 سال سے زائد عمر کے افراد میں ٹیکہ اندازی کی مہم شروع کی گئی ہے۔ ہیلت کیر ورکرس اور فرنٹ لائین اسٹاف کے علاوہ 45 سال سے زائد عمر کے افراد میں کورونا خوراک پلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکز کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق تلنگانہ حکومت نے ٹیکہ اندازی میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے تمام پرائمری ہیلت سنٹر پر ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تمام ریاستوں کو ٹیکہ اندازی میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو وزارت صحت کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب میں ٹیکہ اندازی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔ سرکاری اور خانگی مراکز پر اپریل کے تمام ایام میں ٹیکہ اندازی کی سہولت رہے گی۔ تعطیلات کے دوران بھی ٹیکہ اندازی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عہدیداروں نے کہا کہ سرکاری تعطیلات کے باوجود عوام کی صحت کی حفاظت کیلئے ٹیکہ اندازی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ صحت کے مطابق تلنگانہ میں 31 مارچ تک 1264026 افراد کو کورونا ٹیکہ دیا گیا ۔ ان میں سے 1024990 نے پہلی خوراک حاصل کی جبکہ 239036 نے دوسرا ٹیکہ حاصل کیا۔ ڈائرکٹر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ڈاکٹر وکاس بھاٹیہ نے کہا کہ 45 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کورونا خوراک حاصل کرنی چاہئے تاکہ وائرس سے بچاؤ کیلئے قوت مدافعت میں اضافہ ہو۔