درکار عملہ کے تقررات کو یقینی بنانے پر توجہ ، متفکر شہریوں کے وزیر صحت کو مکتوبات
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے سرکاری دواخانو ںمیں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے علاوہ بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ متفکر شہریوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا کے علاوہ دیگر محکمہ صحت کے عہدیداروں کے نام جاری کئے گئے کھلے مکتوب میں حکومت سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل ‘ عثمانیہ دواخانہ ‘ نیلوفر ہاسپٹل کے علاوہ زچگی خانہ پیٹلہ برج میں سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کے ساتھ درکار عملہ کے تقرر کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔ سماجی انصاف اور انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والے جہدکاروں کے علاوہ صحافیوں ‘ سماجی کارکنوں ‘ اساتذہ اور مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داروں نے جاری کئے گئے اس مکتوب میں حکومت کو سرکاری دواخانو ںمیں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں بہتر بنانے کے اقدامات پر متوجہ کروایا اور کہا کہ ہر شہری کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اسی لئے حکومت کو سرکاری دواخانوں میں عزت کے ساتھ تمام شہریوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانی چاہئے ۔ 115 افراد کی دستخط کے ساتھ جاری کئے گئے اس کھلے مکتوب میں ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تمام سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ عصری سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ کوئی غریب مفلوک الحال شہری کو طبی سہولتوں سے محروم نہ رکھا جائے۔مکتوب روانہ کرنے والوں میں سرکاری دواخانوں کی ابتر حالت بالخصوص منڈل سطح پر موجود دواخانوں اور ضلعی دواخانوں کے علاوہ ریاستی دواخانوں میں بیت الخلاء اور صاف پینے کے پانی کی سہولتوں کی عدم موجودگی پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بنیادی طبی سہولتیں تو دور دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی حکومت ناکام ہونے لگی ہے۔ سرکاری دواخانو ںمیں موجود آلات اور انفراسٹرکچر کے ناقابل استعمال ہونے کے معاملہ پر توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ بیشتر سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کی موجودگی نہ ہونے کے سبب مریض سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے سے گریز کرنے لگے ہیں۔3
مکتوب میں سرکاری دواخانوں کو بہتر بنانے کے نام پر کارپوریٹ ادارو ںکے حوالہ کئے جانے کے منصوبہ کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا ہے اگر حکومت اس طرح کا کوئی فیصلہ کرتی ہے تو ایسی صورت میں غریب مریضوں پر غیر ضروری مالی بوجھ عائد ہونے لگ جائے گا اسی لئے حکومت کو سرکاری نگرانی میں ہی دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔3