سرکاری ہاسپٹلس پراعتمادبحالی کے اقدامات ناگزیر

   

سیزیرین زچگی کی تعدادمیں اضافہ تشویشناک‘ نظام آبادمیںمحکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ ‘کلکٹرکا خطاب
نظام آباد:5/ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سرکاری دواخانوں میں معمول کے مطابق ڈیلیوری کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر نظام آباد ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کیا۔ ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے سرکاری دوا خانوں کی کار کارکردگی پر عام طور پر نارمل ڈیلیوری پر متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کامپلکس میں منعقدہ اجلاس کے دوران محکمہ صحت کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے رہے تھے۔ ضلع کلکٹر مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے واضح کیا کہ ضلع میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نظام میں ایک واضح طور پر بہتری آنی چاہیے۔ اجلاس میں پی ایچ سی، سی ایچ سی اور سب سنٹروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں سرکاری اسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جو تشویش ناک ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ حالیہ عرصے میں سرکاری اسپتالوں میں سیزیرین آپریشن کی تعداد غیر ضروری طور پر بڑھ رہی ہے جب کہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی سیزیرین آپریشن کیا جانا چاہیے۔ خواتین کی طویل مدتی صحت کے مفاد میں نارمل ڈیلیوری کو ترجیح دی جائے اور اس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام میں سرکاری اسپتالوں کے تعلق سے اعتماد بحال کرنا ضروری ہے کہ یہاں بھی نارمل ڈلیوری ممکن ہے اور معیاری علاج دستیاب ہے۔ اسی طرح کلکٹر نے ان پرائیویٹ نرسنگ ہومس اور اسپتالوں پر بھی خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی جہاں غیر ضروری طور پر سیکشن کیے جا رہے ہیں۔موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لیے بھی پیشگی اقدامات کی ضرورت ہے۔اجلاس کے دوران انہوں نے پی ایچ سی اور سب سنٹروں کی نئی عمارت کی تعمیر، کام کی رفتار، ڈاکٹروں و دیگر اسٹاف کی قلت، اور بنیادی سہولتوں کی دستیابی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کئی اہم ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ضلعی میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راجشری، مختلف شعبہ جات کے میڈیکل آفیسرز، انجینئرنگ و دیگر محکمہ جات کے عہدے داروں نے شرکت کی۔