سرکنڈہ منڈل میں خاتون کی مشتبہ موت کی تحقیقات جاری

   

متوفیہ کے خاندان سے مکمل انصاف کرنے کا تیقن ، ڈی سی پی کی صحافیوں سے بات چیت

نظام آباد :ضلع نظام آباد کے سرکنڈہ منڈل کے موضع نیاوا نندی میں ودو ماہ قبل ممتا نامی خاتون کی مشتبہ حالت میں زرعی کھیت کے پاس نعش دستیاب ہوئی تھی اور اس واقعہ کے بعد پولیس نے تحقیق کا آغاز کیا تھا لیکن پولیس کو کوئی بھی سراغ حاصل نہیں ہونے پر نیا وا نندی سے تعلق رکھنے والے دیہاتی اور رکن پارلیمان اروند نے پولیس کمشنر سے نمائندگی کرتے ہوئے قتل کی واردات کی تحقیق کرنے کا اور اس قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور یہ مسئلہ سنگین ہونے پر پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا نے اس پر ایک ٹیم تشکیل دی تھی اور اسی کے تحت دیہات سے تعلق رکھنے والے گنگادھر کو تحویل میں لیکر پولیس کی جانب پوچھ تاچھ کی گئی تھی جس پر گنگادھر نے دلبرداشتہ ہوکر دیہات میں درخت سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی جس پر دیہاتیوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے گنگادھر سے پوچھ تاچھ کرنے والے اور زد و کوب کرنے والے عہدیدار کو معطل کرنے تک نعش کو نیچے نہ اتارنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور تقریباً تین دن تک نعش کو اسی طرح رکھتے ہوئے دیہات میں احتجاجی سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے دیہاتیوں کے احتجاج کی اطلاع ملنے پر ڈی سی پی اوشا وشواناتھ نے نیا وا نندی پہنچ کر گنگادھر کے افراد خاندان سے بات چیت کی اور کلکٹر کی نگرانی میں اس مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دیا جس کے بعد نعش کو درخت سے نیچے اتارا گیا ۔ بعدازاں ڈی سی پی اوشا وشواناتھ نے اڈیشنل ڈی سی پی بھاسکر کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 3؍ اکتوبر2020 کے روز ممتا نامی خاتون کو دیہات میں قتل ہوا تھا اور واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے سیٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ڈی جی پی کے احکامات پر سیٹ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے تحقیق شروع کی گئی ہے اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہونے کی صورت میں یہ پولیس سے رجوع ہوسکتے ہیں تاکہ دیہاتیوں سے کسی قسم کی پوچھ تاچھ نہیں کی جاسکے ممتا کے قتل میں ملوث افراد کے بارے میں تحقیق کی جارہی اور جدید ٹکنالوجی کا بھی استعمال کیا جائیگا اور گنگادھر کو زد و کوب کرنے کے الزام کو بھی مسترد کردیا اور اس سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی ۔ گنگادھر کے فرزند ونئے کی جانب سے کی گئی شکایت پر بھی تحقیق کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور ممتا کے خاندان کے ساتھ بھی مکمل انصاف کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔