سرگرم خاتون ماؤسٹ مادھوی کی خود سپردگی

   

30 سال سے ماؤسٹ تنظیم سے وابستہ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : /21 ستمبر (سیاست نیوز) چھتیس گڑھ کے ساؤتھ بستر ڈیویژن انچارج و سرگرم خاتون ماؤسٹ مادھوی ہڈمے عرف ساوتری نے تلنگانہ پولیس کے روبرو خودسپردگی اختیار کرلی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہندر ریڈی نے اس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساوتری چھتیس گڑھ کی سرگرم ماؤسٹ ہے اور وہ متوفی ماؤسٹ لیڈر و سکریٹری ڈنڈاکرنیا راولا سرینواس عرف رامنا کی بیوہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 13 سال کی کم عمری میں ساوتری نے پیپلز وار گروپ سے تعلق رکھنے والے شدت پسند تنظیموں میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس کی شادی ماؤسٹ لیڈر راولا سرینواس عرف رامنا سے ہوئی تھی ۔ ماؤسٹ تنظیم میں سرگرم رہنے کے نتیجہ میں ساوتری کو ترقی حاصل ہوتی رہی ۔ ڈی جی پی مہندر ریڈی نے کہا کہ ساوتری پولیس ملازمین اور نیم فوجی دستوں پر ہوئے 8 حملوں کے واقعات میں ملوث ہے اور اس کے سر پر چھتیس گڑھ کی حکومت نے 10 لاکھ روپئے نقد رقم کا انعام بھی رکھا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ساوتری کا ماؤسٹ پارٹی سے تعلق گزشتہ 30 سال سے ہے اور اس نے اب تک اپنے 350 سے زائد آدی واسیوں کو سی پی آئی ماؤسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے راغب کیا ہے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ خودسپردگی کے بعد ساوتری نے پولیس کو کئی اہم تفصیلات بتائے جس میں بتایا کہ شوہر کے گزرجانے کے بعد اس نے ماؤسٹ پارٹی میں ذلت اٹھائی ہے جبکہ اس کے شوہر رامنا جو موثر علاج نہ ملنے اور علالت کے نتیجہ میں فوت ہوگیا تھا جبکہ ابھی بھی ماؤسٹ پارٹی سے وابستہ کئی لیڈرس ہنوز صحت کے اعتبار سے متاثرہیں اور انہیں جنگلات میں موثر علاج حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساوتری نے پولیس کو یہ بھی بتایا ہے کہ ماؤسٹ نظریہ سے تعلیم یافتہ نوجوان دوری اختیار کئے ہوئے ہیں اور سی آر پی ایف کے موثر کیمپس موجود ہونے کے نتیجہ میں عوام میں احساس تحفظ ہے ۔ ڈی جی پی نے ملک بھر میں ماؤسٹ تنظیم میں کام کرنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ شدت کے راستہ کو ترک کرتے ہوئے عام زندگی بسر کریں اور اس میں پولیس اور حکومت بھرپور تعاون کرے گی ۔ مہندر ریڈی نے میڈیا کے نمائندے کے سوال پر یہ کہا کہ ریاست تلنگانہ میں چندرنا ماؤسٹ تنظیم کا انچارج ہے لیکن کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے وقفہ وقفہ سے روکا جارہا ہے اور پولیس کڑی چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ ب