پانی اور کیچڑ سے امدادی ٹیموں کو دشواریاں، ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی نے سرنگ کا معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری (سیاست نیوز) سری سیلم لیفٹ بینک کنال (SLBC) میں سرنگ کی چھت منہدم ہونے سے پھنس جانے والے 8 ورکرس کی تلاشی کا کام آج دوسرے دن بھی جاری رہا۔ فوج کے علاوہ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں سرنگ میں داخل ہوکر منہدمہ چھت کے مقام تک پہنچ چکی ہے اور صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے۔ ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بچاؤ کاموں کی راست نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مقام حادثہ پہنچ کر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ گزشتہ دو دنوں سے ناگر کرنول میں قیام کرنے والے جوپلی کرشنا راؤ نے سرنگ میں امدادی ٹیموں کے ساتھ منہدمہ مقام تک پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پانی اور کیچڑ کے سبب بچاؤ کاموں میں فوج اور این ڈی آر ایف کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ سرنگ میں بھیانک صورتحال ہے اور امدادی ٹیمیں پھنسے ہوئے ملازمین کو زندہ بچانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ گزشتہ دو دنوں سے جاری مہم میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور ورکرس کے زندہ بچنے کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ ورکرس کے ساتھیوں اور رشتہ داروں نے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے ورکرس زندہ واپس آسکیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سرنگ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ورکرس کو زندہ بچانے کیلئے جنگی خطوط پر بچاؤ کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے ذریعہ اس کام کی نگرانی کی جارہی ہے اور عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملبہ کو ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ۔ وینکٹ ریڈی نے پرنسپل سکریٹری اروند کمار ، کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کے علاوہ فوج اور این ڈی آر ایف کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ٹنل میں پانی کے سبب امدادی کاموں میں دشواری ہورہی ہے۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی بھی عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ بچاؤ مہم کا جلد ہی کوئی نتیجہ برآمد ہوگا۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے بچاؤ اقدامات کی تفصیلات حاصل کیں اور ورکرس کو زندہ بچانے کیلئے کوئی بھی کسر باقی نہ رکھنے کی ہدایت دی۔1