سری لنکا سے پاکستان کیلئے پروازیں 4 مارچ تک منسوخ

   

کولمبو3مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے اپنے دو ہمسایہ ممالک کے درمیان بڑھنے والی کشیدگی کے پیش نظر چار مارچ تک پاکستان کے لئے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔سری لنکا ایئر لائنز کے میڈیا ترجمان دیپل پریرا نے کہا کہ ” پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عارضی طور پر چار مارچ تک ملک کی فضائی حدود کو بند کرنے کے فیصلے کی وجہ سے کیا گیا ہے “۔ سری لنکا کے سرکاری نیوز پورٹل کے مطابق ایئر لائن قریب سے صورت حال کی نگرانی کر رہی ہے اور پاکستانی شہری ہوا بازی اتھارٹی کی طرف سے اپنے ہوائی علاقے کو دوبارہ کھولنے کے فورا بعد سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پروازیں شروع کرنے کے لئے قدم اٹھایا جائے گا۔ واضح ر ہے کہ پاکستان کے جنگجو گروپ جیش محمد کے 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے پیش نظر پاکستان نے 27 فروری کو اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے جس سے دنیا بھر کی ایئر لائنز کو پاکستان سے پروازیں منسوخ کرنے یا راستہ بدل کر چلانے پر مجبور ہونا پڑا۔