کولمبو : سری لنکا میں جاری معاشی بحران کی وجہ سے ڈاکٹرز نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ادویات کی قلت سے جلد ہی اموات ہوں گی کیونکہ اب ہسپتال اپنے مریضوں کی جان بچانے کے اقدامات کو روکنے پر مجبور ہوگئے ہیں کیونکہ ان کے پاس ضروری ادویات نہیں ہیں۔اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سری لنکا 80 فیصد ادویات بیرونی ممالک سے درآمد کرتا ہے مگر اب معاشی بحران کی وجہ سے غیر ملکی کرنسی ختم ہونے کے قریب ہے، جس کے باعث ہسپتالوں سے ضروری ادویات ختم ہونے لگی ہیں اور صحت کا نظام بْری طرح متاثر ہے۔ڈاکٹر روشن امراٹنگا نے کہا کہ سری لنکا کے تجارتی مرکز کولمبو کے مضافاتی علاقے میں 950 بستروں پر مشتمل اپیکشا کینسر ہسپتال میں کینسر کے مریض، ان کے اہل خانہ اور ڈاکٹر ضروری ادویات کی قلت کے باعث بڑھتی ہوئی بے بسی کا شکار ہیں کیونکہ ادویات کی قلت کی وجہ سے مریضوں کی اہم ٹیسٹ منسوخ ہو رہے ہیں اور انتہائی ضروری سرجری کا عمل بھی تاخیر کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کینسر جیسی بیماری کا شکار مریضوں کے لیے ایسی صورتحال بہت بْری ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی ہم صبح کے وقت کچھ اہم سرجریز کرنے کی تیاری کرتے ہیں مگر ہم اس مخصوص دن پر سرجری کرنے سے قاصر ہوتے ہیں کیونکہ ادویات کی فراہمی بند ہے، انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال جلد بہتر نہ ہوئی تو بہت سے مریضوں کو غیبی موت کی سزا کا سامنا ہوگا۔