نئی دہلی، 16 جولائی (یو این آئی) 14 سیاسی جماعتوں پر مشتمل سری لنکا کے 24 رکنی وفد نے چہارشنبہ کے روز قومی دارالحکومت میں ہندستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری سے ملاقات کی۔ دو ہفتوں کے لیے یہ وفد ہندوستان کے دورے پر ہے اور اس کا مقصد ’’پڑوسی پہلے‘‘ کی پالیسی کے تحت ہند -سری لنکا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ ایکس’ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ 14 سیاسی جماعتوں کے نوجوان رہنماؤں پر مشتمل سری لنکا کے 24 رکنی وفد نے ہندوستان میں دو ہفتوں کے پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مسری سے ملاقات کی۔ خارجہ سکریٹری نے ہند-سری لنکا شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ’’پڑوسی پہلے‘‘ پالیسی کے تحت اسٹیک ہولڈرز کی حیثیت سے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کے وفد کا یہ دورہ اپریل 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘ نہایت مفید’ دور ہ کے بعد ہو رہا ہے ۔ رندھیر جیسوال نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے اس دورے نے ہندوستان کی‘ پڑوسی پہلے ’ پالیسی اور سمندر پر مبنی وژن کے تحت سری لنکا کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔ قابل ذکر ہے کہ صدر دیسانائیکے کی دعوت پر سال 2015 کے بعد وزیر اعظم مودی کا یہ سری لنکا کا چوتھا دورہ تھا جہاں انہوں نے سری لنکا کے صدر سے تفصیلی مذاکرات کیے ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا مرکز مشترکہ تاریخ پر مبنی اور عوامی سطح پر مضبوط روابط سے قریبی دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنا تھا۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ قیادت نے روابط، ترقیاتی تعاون، اقتصادی تعلقات، دفاعی شراکت، مفاہمتی اقدامات اور ماہی گیروں کے دیرینہ مسائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر اعادہ کیا کہ ہندوستان اپنی “پڑوسی پہلے ” پالیسی اور سمندری وژن کے تحت سری لنکا کی اقتصادی بحالی اور استحکام میں مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔