سرینگر میں جمعہ کے پیش نظر تحدیدات کا نفاذ

   

سرینگر ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر میں آج جمعہ کو لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے احتیاطی طور پر کچھ مقامات پر تحدیدات عائد کردی گئیں ۔ یہ تحدیدات ان اندیشوں کے پیش نظر عائد کی گئیں کہ جمعہ کے موقع پر ہونے والے اجتماعات کے بعد پرتشدد مظاہرے ہوسکتے ہیں۔ کشمیر میں آج مسلسل 89 ویں دن بھی عام زندگی متاثر رہی ۔ یہاں 5 اگسٹ کو دفعہ 370 کو حذف کئے جانے کے بعد سے مسلسل عام زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ تحدیدات پانچ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں عائد کی گئیں تھیںتاکہ لا اینڈآرڈر کو برقرار رکھا جاسکے ۔ عہدیدار نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس کو حساس مقامات پر وادی کے دوسرے مقامات پر بھی کثیر تعداد میں متعین کردیا گیا ہے کیونکہ یہ اندیشے تھے کہ ریاست کی دو مرکزی زیر انتظام علاقوںمیں تقسیم کے خلاف پرتشدد احتجاج ہوسکتا ہے ۔ عہدیدار کے بموجب وادی میں تاحال صورتحال پرامن ہے ۔ تاہم تخریب کاروں نے کلگام ضلع میں ایک بی جے پی لیڈر کی دو خنگی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا ۔