سرینگر: ’دی رے آف ہوپ کشمیر‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کے کارکنوں نے جمعرات کے روز یہاں پریس کالونی میں ایندھن اور اشیائے خوردنی کی مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے جن میں سے ایک پلے کارڈ پر بھارت کے بعض ہمسایہ ممالک میں پٹرول کے فی لیٹر کی قیمت درج تھی۔اس موقع پر ایک کارکن نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے چلتے ہمارے ملک میں پٹرول اور اشیائے خوردنی کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں جس سے غریب لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ لوگوں کے لئے فائدہ مند اقدام اٹھائے لیکن ایسا نہیں ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اچھے دن آنے کے وعدے کہیں نظر نہیں آ رہے ہیں۔ موصوف کارکن نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ہمارے ملک کے بعض ہمسایہ ممالک میں پٹرول سستا ہے جبکہ ہمارے ملک میں مہنگا ہے اس کی وجہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایندھن اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے فوری اقدام کرے تاکہ عام لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔