ریاض ؍ لندن : برطانوی اخبارات میں شائع ہونے والی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب اور برطانیہ دونوں نے خلا میں بجلی پیدا کرنے اور اسے زمین پر منتقل کرنے کے ایک مشترکہ منصوبے پر کام شروع کیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے دونوں دوست ممالک برقی توانائی پیدا کرنے کیلئے دیو ہیکل سولر پینلز کا استعمال کرتے ہوئے توانائی کو ریڈیو لہروں کے ذریعے زمین تک پہنچانے کامنصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد کاربن کے اخراج کے بغیر صاف توانائی پیدا کرنا ہے۔کئی برطانوی اخبارات جن میں ڈیلی میل اوردی ٹائمز شامل ہیں کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک خلا میں صاف توانائی پیدا کرنے کیلئے ایک مشترکہ پروجیکٹ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پھر اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے اسے زمین پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔