سعودی عرب خطہ کے اہم ترینشراکت داروں میں سے ایک : امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں ہمارے سب سے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ خطے میں واشنگٹن اور ریاض کے مشترکہ سلامتی اور اقتصادی مفادات موجود ہیں۔ ایک مشترکہ بیان میں ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سعودی عرب نے جدہ میں ہفتے کے روز سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں کے درمیان لڑائی کو روکنے کیلئے ابتدائی مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ خیال رہے سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان 15 اپریل سے لڑائی چل رہی ہے۔واشنگٹن اور ریاض نے 6 مئی کو سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے شائع ایک بیان میں دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ چند اہداف کے حصول کیلئے بات چیت میں سنجیدگی سے حصہ لیں۔ ان اہداف میں ایک مؤثر قلیل مدتی جنگ بندی کا حصول، ہنگامی انسانی امداد کی سہولت کیلئے کام کرنا، بنیادی خدمات کی بحالی اور مذاکرات کیلئے ٹائم ٹیبل ترتیب دینا شامل ہو۔سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دونوں فریقوں نے سوڈان میں شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کے اعلان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔